صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین سے سیالکوٹ چیمبر کے صدر اکرام الحق کی قیادت میں وفد کی ملاقات

منگل 16 ستمبر 2025 20:25

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین سے سیالکوٹ چیمبر کے صدر اکرام الحق کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے سیالکوٹ چیمبرکے صدر اکرام الحق کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ۔پیسک ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں سیالکوٹ کی انڈسٹری کو درپیش مسائل اور سیالکوٹ میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی اہمیت اور اور افادیت پر بات چیت ہوئی ۔ ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے صدر اکرام الحق نے بتایا کہ سیالکوٹ میں بکھری انڈسٹری کو ایک جگہ منتقل کرنے کیلئے انڈسٹریل زون ناگزیر ہے ۔

سیالکوٹ سے سالانہ اڑھائی ارب ڈالر کی برآمدات ہورہی ہیں۔برآمدات بڑھانے کیلئے یہاں انڈسٹریل زون کے قیام کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں میں انڈسٹریل زون بننے سے نئی انڈسٹری لگے گی جس سے روزگار کے ڈیڑھ لاکھ نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرنے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت انڈسٹری اور صنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے ، سیالکوٹ کی انڈسٹری اور انڈسٹریلسٹس کے مسائل بھی حل کئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کا معاملہ وزیر اعلی پنجاب کے سامنے رکھا جائے گا اور ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے وفد کی وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات کا اہتمام کیا جائے گا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں صنعتکاری کا عمل تیز کرنے کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جا رہا ہے ۔ انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کو بہتر کیا گیا ہے۔سپیشل سیکرٹری انڈسٹریز نوشین ملک،چئیرمین پیڈمک جاوید اقبال اور دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ وفد نے سیالکوٹ میں ایکسپو سینٹر کے قیام اور اڑان پاکستان کے برآمدی اہداف کے حصول کیلئے مجوزہ سائیٹ پر انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کا مطالبہ کیا ۔