اسد عمر نے وزیراعظم کی جانب سے پارلیمانی رہنماؤں کی ویڈیو کانفرنس چھوڑ کر جانے کی وجہ بتادی

شہباز شریف اور بلاول بھٹو صبح تک کانفرنس میں شامل ہونے کیلئے راضی نہیں تھے، انہوں نے عین وقت پر حامی بھری، وزیراعظم کو انکے میٹنگ میں شامل ہونے کا علم نہیں تھا اس لیے انہوں نے شیڈیول کے مطابق تقریر کرکے اگلی میٹنگ میں جانا تھا: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کی وضاحت

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 25 مارچ 2020 22:42

اسد عمر نے وزیراعظم کی جانب سے پارلیمانی رہنماؤں کی ویڈیو کانفرنس چھوڑ ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25مارچ2020ء ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پارلیمانی رہنماؤں کی ویڈیو کانفرنس چھوڑ کر جانے کی وجہ بتادی ہے۔ اسد عمر نے نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انکا رات گئے تک اور پھر صبح بھی سپیکر سے رابطہ تھا اور سپیکر قومی اسمبلی مسلسل اپوزیشن لیڈر سہباز شریف اور بلاول بھٹو سے رابطے میں تھے لیکن تب تک دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی رہنماؤں کی کانفرنس میں شامل ہونے کی حامی نہیں بھری تھی۔

اسد عمر نے بتایا کہ دونوں رہنما اپنی میٹنگز کی مصروفیت کا بتارہے تھے جس کے بعد وزیراعظم عمران خان کی تقریر شیڈیول کر کے انکی اگلی میٹنگز شیڈیول کردی گئیں اور پھر دوپہر ساڑھے بارہ بجے بلاول بھٹو نے اپنی شمولیت کنفرم کی اور ڈیڑھ بجے شہباز شریف نے لیکن تب تک وزیراعظم کی میٹنگز شیڈیول ہو چکی تھیں حالانکہ وزیراعظم عمران خان خود اپوزیشن لیڈر کی بات سننا چاہتے تھے لیکن تب میٹنگز شیڈیول ہوچکی تھیں اور وزیراعظم کو یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ دوسرے لیڈران میٹنگ میں شامل ہیں کیونکہ ویڈیو کانفرنس میں سکرین پر اپنی تصویر نظر آتی ہے دوسروں کی نہیں اس لیے وزیراعظم اپنی تقریر کر کے اگلی میٹنگ کیلئے چلے گئے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ آج ویڈیو لنک کے ذریعے پارلیمانی رہنماوَں کا اجلاس ہوا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی سے سوال کیا کہ کیا اس میٹنگ میں وزیراعظم شریک ہیں؟ وزیراعظم کے موجود نہ ہونے پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور مسلم لیگ ن نے پارلیمانی رہنماؤں کی ویڈیو کانفرنس میں شرکت کے بعد احتجاجا واک آؤٹ کر دیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو اس وقت تاریخ کی سب سے بڑی وبا کا سامنا ہے اور وزیر اعظم کی سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ وہ چلے گئے ہیں ،معذرت لیکن ہم اس طرح کانفرنس میں شرکت نہیں کر سکتے۔