پنجاب بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی

پابندی کا اطلاق فوری ہوگا، خواتین اور سیکورٹی اہلکاروں کو استثناء حاصل ہوگا، پنجاب حکومت کا کورونا کے خلاف اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ

muhammad ali محمد علی بدھ 25 مارچ 2020 23:23

پنجاب بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ2020ء) پنجاب بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی، پابندی کا اطلاق فوری ہوگا، خواتین اور سیکورٹی اہلکاروں کو استثناء حاصل ہوگا، پنجاب حکومت کا کورونا کے خلاف اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے میں نافذ کیے گئے لاک ڈاون کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں صوبے بھر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ موٹرسائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی کا اطلاق صرف خواتین اور سیکورٹی اہلکاروں پر نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں کورونا سے بچاؤ کو مزید بہتر بنانے کے لیے صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی قائم کر دی ہی-صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نائب سربراہ ہوں گی جبکہ کمیٹی کے دیگر ارکان میں صوبائی وزیرخزانہ،وزیر صنعت و تجارت، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی پنجاب،محکمہ پرائمری ہیلتھ،اطلاعات، فنانس، سپیشلائزڈ ہیلتھ، پی اینڈ ڈی اور لوکل گورنمنٹ کے سیکریٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈی جی پی ڈی ایم اے بھی ارکان میں شامل ہیں-نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کورونا سے بچاؤ کے لیے وفاقی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ رابطہ رکھے گی،کورونا کی تشخیص، آئسولیشن اور علاج کو یقینی بنانے کے لیے ہسپتالوں اور محکمہ صحت کی موثرنگرانی کرے گی-ہسپتالوں کو مطلوبہ ٹیسٹنگ کٹس، ادویات آلات اوردیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی اور کمیٹی طبی عملے کی تربیت اور مطلوبہ جگہوں پرعملے کی کمی پوری کرے گی-مزید برآں یہ کمیٹی کورونا سے بچاؤ کے لیے وسیع پیمانے پر آگاہی مہم کی نگرانی کرے گی-صوبہ بھر میں غذائی اشیاء کی بلاتعطل اور کنٹرول ریٹ پر فراہمی یقینی بنانے کے علاوہ حکومتی اعلانات کے مطابق شہریوں کے سماجی فاصلے اور محدود نقل و حمل پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی-کابینہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر جائزہ اجلاس کر کے رپورٹ وزیر اعلی کو بھجوائے گی-سیکریٹری پرائمری ہیلتھ کمیٹی کو لاجسٹک اور انتظامی معاونت فراہم کریں گے وہ کمیٹی کے سیکریٹری کے طور پر بھی فرائض سرانجام دیں گی-