پاکستان میں کورونا وائرس رجعت پسند مذہبی طبقے کی جہالت کے باعث پھیلا ہے

اللہ کا عذاب جہالت ہے۔ جو ان جاہل لوگوں کی صورت میں ہم پر مسلط ہے ۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی جمعرات 26 مارچ 2020 12:11

پاکستان میں کورونا وائرس رجعت پسند مذہبی طبقے کی جہالت کے باعث پھیلا ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین26مارچ2020ء ) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد نے کورنا وائرس کے پھیلاؤ کی ذمہ داری رجعت پسند مذہبی طبقے کی جہالت پر ڈال دی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس رجعت پسند مذہبی طبقے کی جہالت کے باعث پھیلا ہے۔ فواد چوہدری نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمیں کہاجا رہا ہے کہ اللہ کا عذاب ہے عوام توبہ کرے۔

فواد چوہدری نے مزید لکھاکہ اللہ کا عذاب جہالت ہے۔ جو ان جاہل لوگوں کی صورت میں ہم پر مسلط ہے۔ ساتھ ہی ساتھ وفاقی وزیرنے کہا کہ جو علماء علم اور عقل رکھتے ہیں اللہ کی بڑی نعمت ہیں۔ جن کی قدر کی جانی چاہیے تاہم ملک میں موجودہ جہالت کو علم کا درجہ دینا بھی تباہی کا سبب بن رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایک اور ٹویٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ضلع جہلم میں مزید 14 افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونی کی تصدیق کے بعد اس حوالے سے مسائل کے حل کیلئے یونین کونسل کی سطح پر کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں۔

بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے اقدامات سے متاثرہ طبقہ کی ضروریات اور مسائل کے پیش نظر فوری اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی ضروریات کے پیش نظر راشن اور دیگر اشیائے ضروریہ کی فہرستیں تیار کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہلم میں کورونا کے مزید14 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ زیادہ تر مریض بیرون ملک سے آئے ہیں یا ان کے قریبی عزیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بیرون ملک سے واپس آنے والے افراد سے بارہا درخواست کی ہے کہ وہ 14 روز کیلئے قرنطینہ میں رہیں اور دیگر افراد سے میل ملاقات سے گریز کریں تاکہ وہ خود اور ان کے عزیز و اقارب وائرس کے خطرہ سے محفوظ رہیں۔