کرونا وائرس، ایس ای سی پی نے بیمہ صارفین کو کلیم کی ادائیگی میں آسانی فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دیں

جمعرات 26 مارچ 2020 21:23

کرونا وائرس، ایس ای سی پی نے بیمہ صارفین کو کلیم کی ادائیگی میں آسانی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2020ء) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے ملک میں کرونا وائرس کے پھیلائو سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث انشورنس پالیسی ہولڈروں اور بیمہ کلیم دائر کرنے والے صارفین کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کرنے کے لئے انشورنس کمپنیوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ موجودہ صورتحال نے زندگی کے ہر شعبہ کو متاثر کیا ہے لہذا یہ ضروری ہے کہ انشورنس پالیسی ہولڈروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور سہولت فراہم کی جائے۔

ایس ای سی پی نے کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ انشورنس پرمئیم کی وصولیوں اور بیمہ کلیموں کی ادائیگی کے لئے رقم کی منتقلی آن لائن طریقہ سے کی جائے جبکہ انشورنس کمپنیاں بیمہ کی دستاویزات کی فراہمی، وصولی اور صارف سے رابطہ کے لئے ای میل، ٹیلی فون، موبائل فون میسیجز وغیرہ کا استعمال کیا جائے۔

(جاری ہے)

خاص طور پر ہیلتھ انشورنس پالیسی ہولڈروں کو پالیسی کے تحت ہسپتالوں میں علاج کی منظوری اور بیمہ کی دستاویزات کی فوری فراہمی ڈیجیٹل ذرائع سے کی جائے۔

اس کے علاوہ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بیمہ کے کلیم کی منظوری و ادائیگی کے لئے کم سے کم دستاویزات کا تقاضا کیا جائے اور کم اہم دستاویزات اور شررائط کو ختم کر دیا جائے جبکہ دستاویزات کی تصدیق کے لئے غیر روائیتی طریقہ کار اپنائیں جائیں۔ کسی بھی پالیسی ہولڈر کے غیر معمولی حالات کی صورت میں شرائط و ضوابط میں نرمی اختیار کی جائے۔ اس مشکل وقت میں انشورنس پالیسی ہولڈروں کو بہترین سہولت اور خدمت فراہم کی جائے جس سے کمپنیوں اور پالیسی ہولڈروں کے مابین احترام اور اعتماد کا رشتہ پیدا ہو۔