سندھ میں نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی

کل سے 5 اپریل تک جمعہ اور 5 وقت کی نماز کے اجتماعات میں صرف مساجد کا عملہ شریک ہوگا، لوگوں کو مساجد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، فیصلہ علماء کرام کی مشاورت سے کیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 26 مارچ 2020 21:26

سندھ میں نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ 2020ء) سندھ میں نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی، کل سے 5 اپریل تک جمعہ اور 5 وقت کی نماز کے اجتماعات میں صرف مساجد کا عملہ شریک ہوگا، لوگوں کو مساجد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، فیصلہ علماء کرام کی مشاورت سے کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاو کے باعث سندھ حکومت نے صوبے بھر کی مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کر دی ہے۔

اس حوالے سے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے بتایا گیا ہے کہ علماء کرام سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ مساجد میں کل سے 5 اپریل تک جمعہ کے اجتماعات نہیں ہوں گے، تاہم مساجد بند بھی نہیں کیا جائے گا۔ 5 اپریل تک جمعہ کی نماز میں صرف مساجد کا عملہ شریک ہوگا۔

(جاری ہے)

مساجد میں صرف 3 سے 5 لوگوں کو نماز ادا کرنے کی اجازت ہوگی عوام کو مساجد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

جمعہ کے علاوہ روزمرہ کی 5 وقت کی نماز کے اجتماعات پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سندھ میں 4 روز سے لاک ڈاون نافذ ہے۔ جبکہ رات کے وقت میں کرفیو بھی نافذ کر دیا جاتا ہے۔ سندھ میں تو جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی، تاہم ملک کے دوسرے صوبوں میں جمعہ کے اجتماعات پر پابندی کا فیصلہ نہیں ہو سکا۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا ہے کہ مسلم امہ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر اقدامات اٹھائے ہیں۔

تین روز سے مکہ مکرمہ اور مسجد اقصیٰ کو بند کردیا گیا ہے، ترکی، مصر، مراکش اور متعدد ممالک کی مساجد میں اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔ لیکن پاکستان میں مساجد کو بند نہیں ہونے دیا جائے گا۔ مساجد میں 5 وقت کی نماز اور جمعہ کی نماز مختصر کی جارہی ہے، مساجد میں 50 سال سے کم عمر اور جوان لوگوں کی بہت مخصوص تعداد جائے گی۔