چین کے بعد پاکستان بھی کرونا وائرس کو شکست دینے والا ملک بن جائے گا،سعید اعوان

جمعرات 26 مارچ 2020 23:48

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2020ء) تنظیم پاکستانی کے سربراہ ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا ہے کہ چین کے بعد پاکستان بھی کرونا وائرس کو شکست دینے والا ملک بن جائے گا۔چین نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔پاکستان اور چین کی لازاوال دوستی کی روشن تاریخ دنیا کیلئے عمدہ ترین مثال ہے۔چین ان دنوں خود مشکل حالات سے دوچار ہے۔

لیکن پھر بھی اپنے ہمسایہ ملک پاکستان کو نہیں بھولا۔ پاکستانی عوام چین کے اس جذبہ کی بھرپور قدر کرتے ہیں۔ اس کڑے وقت میں جب کہ ہر طرف پریشانی اور فکرمندی کا عالم ہے،پاکستان اور چین سچے دوستوں کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔چین نے دوسرے ممالک کے برعکس پاکستانی طلبائ کو اپنے ملک میں کورونا کے خلاف وہی بہترین سہولیات مہیا کیں جو کہ اپنے شہریوں کو دے رہا تھا۔

(جاری ہے)

چین کا یہ اقدام قابل ستائش ہے کہ اس نے پاکستانی شہریوں کو ملک بدر کرنے کے بجائے پناہ دی۔حالات خواہ کیسے بھی رہے ہوں پاکستان اور چین نے ہمیشہ ہر حال میں اپنی دوستی نبھائی ہے۔ چین جب کورونا وائرس کی زد میں آیا تھا تو پاکستان کے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چین کے دور ے سے خیر سگالی کا اظہار کر کے مثبت قدم اٹھایا تھا۔

جس کے اثرات سی پیک منصوبے کی توسیع کی صورت میں بہت جلد نظر آ ئیں گے۔پاکستان چین کے ساتھ دوستی سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔چین میں کورونا وائرس کے حملے کے بعد چین کی وزارت خارجہ نے عالمی طاقتوں سے اپیل کی تھی کہ میڈیکل اشیائ کی فوری ضروت ہے لیکن متعدد ممالک نے چین کی مدد نہیں کی۔مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت نے فوری ضروری طبی اور حفاظتی آلات سے بھرا جہازچین کی مدد کے لئے بھیجا تھا۔

چین نے بھی ایک خصوصی طیارے کے ذریعے طبی امداد، این 95 سرجیکل ماسک اور ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم پاکستان بھیج کرثابت کردیا ہے۔کہ دونوں ممالک کسی بھی کٹھن وقت میں ایک دوسرے کی مدد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ہر نئے دن کا طلوع ہونے والا سورج پاک چین دوستی کو مزید مضبوط اور توانا بنانے کا پیغام لے کر آتا ہے۔چین،پاکستان کا وہ منفرد دوست ہے جس نے شروع سے ہی پاکستانی معیشت، تجارت اور دفاع کو مضبوط کرنے کے لئے ہمیشہ تعاون کیا ہے۔شاہراہ قراقرم سے لے کرگوادر پورٹ تک تمام ترقیاتی منصوبے چین کی مدد سے مکمل کئے جا رہے ہیں