عوام کورونا وائرس کی وباء سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات پر عمل کرکے اپنے آپ کو محفوظ بنائیں، ڈاکٹر محمد یوسف یوسفزئی

جمعرات 26 مارچ 2020 23:52

مردان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) خدائی خدمتگار ڈاکٹر محمد یوسف یوسفزئی نے کہا ہے کہ عوام کورونا وائرس کی وباء سے ڈرنے کی بجائے حفاظتی اقدامات پر عمل کرکے اپنے آپ کو محفوظ بنائیں، معمولی غفلت آپ اور آپ کے پیاروں کو زندگی کی نعمت اور خوشیوں سے محروم کرسکتی ہے عوام چند روز کیلئے اپنی سرگرمیاں محدو د کرکے اس وباء سے اپنے آپ کو بچا سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر مردان گل بانو اور ہیلتھ کئیر کمیشن مردان کے انسپکٹر محمد اسحاق خان سے اسسٹنٹ کمشنر مردان کے دفتر میں سیکرٹریٹ مردان کے سرکاری ملازمین میں حفاظتی ماسک اور ہاتھ دھونے کیلئے صابن تقسیم کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ڈاکٹر یوسف نے کہا کہ کورونا وائرس نے اب پوری دنیا کو لپیٹ میں لے کر تباہی مچائی ہے جس سے بچنے کا واحد حل صفائی اور دیگر احتیاطی تدابیر میں پوشیدہ ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت باالخصوص ضلعی انتظامیہ مردان کی جانب سے لوگوں کی سرگرمیاں محدود کرنے کے لئے جو اقدامات اٴْٹھائے گئے ہیں وہ قابل تحسین ہیں اور اگر لوگوں نے اس پر بھر پور طریقے سے عمل کیا تو ا نشاء اللہ ہم اس وباء سے محفوظ رہیں گے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد یوسف نے کو رونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیراختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مؤثر اقدامات کر رہی ہے اورہمیں متحد ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہر شخص کورونا وائرس سے بچ سکیں عوام کی بہتر صحت کیلئے مردان ڈویژن بھرکے ضلعی انتظامیہ جو فیصلے کررہے ہیں جس کے ہم خیرمقدم کررہے ہیں اور مکمل تعاون کررہے ہیں لہٰذا عوام غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں اور ضلعی انتظامیہ کیساتھ مکمل تعاون کریں۔

کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے مردان کی ضلعی انتظامیہ خود تمام آپریشن کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں تمام حکومتی مشینری بھرپور طریقے سے متحرک ہے اور انشا اللہ ہم ایک قوم کی طرح اس مشکل وقت سے سر خرو ہوں گے ہمیں بحیثیت قوم متحد ہو کر کورونا وائرس کو شکست دینا ہوگی اور کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومت کی واضح کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ڈاکٹر محمد یوسف نے اسسٹنٹ کمشنر گل بانو کو کورنا وائرس پر قابو کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراوئی،اسسٹنٹ کمشنر مردان گل بانو نے خدائی خدمتگار ڈاکٹر محمد یوسف یوسفزئی کا شکریہ اور سرکاری ملازمین میں حفاظتی ماسک اور ہاتھ دھونے کا صابن تقسیم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔