ملازمین اور عوام الناس کی سہولت کیلئے ایف ڈی اے کی ڈسپنسری کو کورونا رسپانس سنٹر میں تبدیل کر دیا گیا ہے ، ڈی جی ایف ڈی اے

جمعرات 26 مارچ 2020 23:56

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) : ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ نے کہا ہے کہ ملازمین اور عوام الناس کی سہولت کیلئے ایف ڈی اے کی ڈسپنسری کو کورونا رسپانس سنٹر میں تبدیل کر دیا گیا ہے ۔اس سنٹر میں ضروری ادویات بھی فراہم کردی گئی ہیں تاکہ کورونا وائرس کے مشتبہ مریض ہونے کی صورت میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی جاسکے۔

ڈاکٹر اشرف زاہد میڈیکل آفیسر بطور انچارج کورونا ایمرجنسی رسپانس سنٹر کام کریں گے۔علاوہ ازیں ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ایف ڈی اے ڈاکٹر انعم ساجد ملک کو فوکل پرسن برائے کورونا وائرس الرٹ نامزد کیا گیا ہے جن سے فون نمبر041-9200096یا موبائل نمبر0336-4238060پر رابطہ کیاجاسکتا ہے۔حکومتی ہدایات کے مطابق کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر ایف ڈی اے کے دفاتر میں عوام الناس کا داخلہ تاحکم ثانی معطل کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

شہریوں کی طرف سے ایف ڈی اے سے متعلقہ کام کی صورت میں ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ عابد بٹ سے فون نمبر041-9200985یا موبائل نمبر0313-7000750یا انچارج ون ونڈو کائونٹر محمد عبداللہ سے فون نمبر041-9200978 - 041-9201515یا موبائل نمبر0341-2245666پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔دریں اثناء ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ایف ڈی اے اورواسا کے دفاتر میں وقفہ وقفہ سے جراثیم کش ادویات کا سپرے کرنے اور ہر فرد میں سینیٹائزر کی موجودگی اور استعمال کویقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ پچاس سال سے زائد عمراورخواتین ملازمین کو عارضی طور پر دفتر حاضری سے مستثنیٰ قرار دیا ہے ۔

صرف ضروری سٹاف تمام تر حفاظتی واحتیاطی انتظامات کے ساتھ ڈیوٹی پر موجود ہوگا۔سیکورٹی گارڈز کو سماجی فاصلہ رکھنے اور سینیٹائزر کے استعمال ودیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔