کرونا وائرس خدشات کے باعث پنجاب میں مزید سختیاں کرنے کا فیصلہ

صوبے بھر میں کل سے تمام پیٹرول اسٹیشن بھی دن میں 12 گھنٹے کیلئے کھلیں گے، رات 8 بجے کے بعد فیول اسٹیشنز بند کر دیے جائیں گے

muhammad ali محمد علی جمعہ 27 مارچ 2020 21:05

کرونا وائرس خدشات کے باعث پنجاب میں مزید سختیاں کرنے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مارچ2020ء) کرونا وائرس خدشات کے باعث پنجاب میں مزید سختیاں کرنے کا فیصلہ، صوبے بھر میں کل سے تمام پیٹرول اسٹیشن بھی دن میں 12 گھنٹے کیلئے کھلیں گے، رات 8 بجے کے بعد فیول اسٹیشنز بند کر دیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے مزید سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ صوبے بھر میں پیٹرول پمپس کو اب تمام دن کھلے رکھے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مارکیٹوں کی طرح پیٹرول پمپس کو بھی دن میں 12 گھنٹوں کیلئے کھولا جائے گا۔ پیٹرول پمپس رات 12 بجے سے صبح 12 بجے تک بند رہیں گے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد کروناکے اجلاس میں پنجاب بھر میں گروسری سٹورز،جنرل سٹورز اور کریانہ کی دوکانیں رات 8بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ گروسری سٹورز، جنرل سٹورز اور کریانہ دوکانیں صبح 8بجے سے رات 8بجے تک کھلی رہیں گی اور اس فیصلے پر کل سے عملدرآمد ہوگا - کسی کو خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی-وزیراعلیٰ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر گڈزٹرانسپورٹ کو نقل و حمل کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مسافر بردار گاڑیوں پر پابندی برقرار رہے گی- وزیراعلیٰ نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں ہاٹ سپاٹ کی چیکنگ کا نظام سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کرونا وائرس کے حوالے سے انتہائی حساس علاقوں کی نشاندہی کر کے ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے- کرونا کیس والے علاقوں میں نقل وحرکت کو محدود کیاجائے- واضح رہے کہ پنجاب میں 24 مارچ سے 6 اپریل تک کیلئے لاک ڈاون کا نفاذ ہے۔

(جاری ہے)

صوبے کے شاپنگ مالز، نجی و سرکاری 6 اپریل تک بند ہیں، اور دفعہ 144 بھی نافذ ہے۔