اٹلی میں 24گھنٹوں کے دوران 1ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوگئے

ملک میں کورونا وائرس بے قابو ہو گیا، ڈاکٹرز کی شدید کوششوں کے باوجود کورونا کے پھیلاؤ پر قابو نہ پایا جاسکا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 27 مارچ 2020 22:35

اٹلی میں 24گھنٹوں کے دوران 1ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس کی وجہ سے ..
روم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مارچ2020ء) اٹلی میں 24گھنٹوں کے دوران 1ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوگئے ہیں۔ اٹلی میں کورونا وائرس بے قابو ہو گیا ہے، ملک میں ڈاکٹرز کی شدید کوششوں کے باوجود کورونا کے پھیلاؤ پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔ ایک دن میں 1ہزار سے زائدافراد کے لقمہ اجل بننےکے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد8 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ مریضوں کی مجموعی تعداد 80 ہزار 589 ہوگئی۔

اطالوی خبر رساں ادارے کے مطابق اطالوی حکومت کی جانب سے گذشتہ کئی روز سے ملک میں لاک ڈاؤن ہے تاہم پھر بھی کورنا وائرس پر قابو نہیں پایا جاسکا ۔اٹلی میں گذ شتہ تین روز سے ہلاکتوں کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آ رہی تھی جس کے باعث یورپی ملک میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے امید کی کرن نظر آنے لگی تھی لیکن گذشتہ روز ایک بار پھر اٹلی میں کورونا وائرس سے مزید 1ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی جس سے وہاں اموات کی مجموعی تعداد 8 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

دنیا کے 198 ممالک میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد25 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ عالمگیر وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 5ساڑھے پانچ لاکھ تک پہنچ گئی ہے اور اب تک ایک لاکھ 24 ہزار 349 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ کرونا وائرس سے متعلق مریضوں اور اموات کا ریکارڈ جمع کرنیوالی ویب سائٹ ورلڈ میٹرز ڈاٹ انفو کے مطابق چین کے شہر ووہان سے دنیا بھر میں پھیلنے والے انتہائی مہلک مرض کے شکار افراد کی تعداد 5 لاکھ 58 ہزار سے بڑھ گئی، جن میں ایک لاکھ 28 ہزار 754 مریض صحتیاب ہوچکے جبکہ 4 لاکھ 4 ہزار 404 متاثرین اب بھی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، 21 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، دنیا بھر میں ہر دس لاکھ میں 71 افراد متاثر اور 3 ہلاک ہورہے ہیں۔

جمعہ (27 مارچ) کو بھی دنیا بھر میں 1192 سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔