پاکستان کی اہم شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہونے لگیں

رکن صوبائی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے خاندان کے فرد میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 28 مارچ 2020 12:32

پاکستان کی اہم شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہونے لگیں
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ2020ء) رکن صوبائی اسمبلی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ٹریبوون کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا میں جمعہ کو کورونا وائرس (کوویڈ 19) کے 53 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جن میں یہ اطلاع ملی ہے کہ ان کیسز میں ایک صوبائی اسمبلی کے رکن اور قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کے رشتہ دار بھی شامل ہیں۔بتایا گیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خاندان کے ایک فرد کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جو کہ مثبت آیا ہے۔

کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد انہیں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔انہیں اسلام آباد کے قرنطینہ سنٹر میں منتقل کیا گیا ہے۔گذشتہ روز خیبرپختونخوا کے رکن اسمبلی عبداسلام آفریدی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔عبداسلام آفریدی کے حلقہ نیابت منگا میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت ہوئی تھی جب کہ وہ مسلسل متاثرہ علاقے میں موجود رہے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبداسلام آفریدی کو گھر میں قرنطینہ کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے گذشتہ روز وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر نے کہاہے کہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 53 کیسز سامنے آئے صوبے میں وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 176 ہوگئی ہے جب کہ صوبے میں اب تک اموات کی تعداد 3 ہے صوبائی کابینہ نے صوبے بھر میں ہنگامی بنیادوں پر 500 ریپیڈ ریسپانس ٹیمیں بنانے کی منظوری دے دی جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں لوگوں کے گھروں تک پہنچ کر اُنہیں امداد فراہم کریں گے ۔

کابینہ نے ہیلتھ ورکرز کے بیک اپ کیلئے ریٹائر افراد، طلباء اور دیگر پیشہ وار افراد کو یومیہ اُجرت کی بنیاد پر بھرتی کرنے کی بھی منظوری دی ۔ کابینہ اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں میڈیا کو بریفینگ دیتے ہوئے مشیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ کابینہ نے تعلیمی اداروں اور دیگر عوامی مقامات کی بندش میں توسیع کی بھی منظوری دے دی جس کے مطابق تمام تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رہیں گے ۔