امازون کے ارب پتی سربراہ کی کمپنی ملازمین کے لیے عطیات کی اپیل

عام لوگوں سے عطیہ مانگنے والا خود ایک کھرب 14 ارب ڈالر دولت کا مالک ہے،سوشل میڈیا پر شدید تنقید

اتوار 29 مارچ 2020 11:45

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2020ء) امازون کمپنی کے سربراہ جیف بیزوس کی طرف سے عام لوگوں سے چندہ دینے کی اپیل نے سب کو حیران کردیا ہے۔ جیف بیزوس کی اپیل پرانہیں سوشل میڈیا پرسخت تنقید کا سامنا ہے۔ ناقدین نے کہاہے کہ ایک کھرب 14 ارب ڈالر کے مالک کی طرف سے کمپنی ملازمین کو کرونا سے بچانے میں مدد کے لیے عام لوگوں سے مدد کی اپیل ایک عجیب منطق ہے۔

اس اپیل کے بعد یہ خدشہ پیدا ہوگیا ہے کہ امازون کمپنی اپنے ملازمین کو کرونا وائرس کی وجہ سے ملازمت سے فارغ نہ کردے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق دیوہیکل امریکی کمپنی امازون کے بانی جیف بیزوس نے 25 ملین کی ڈالر کی رقم سے ایک ریلیف فنڈ قائم کیا اور ساتھ ہی انہوں نے عام لوگوں سے کہا کہ وہ اس فنڈ میں حصہ ڈالیں تاکہ امازون کمپنی کے ملازمین کو کرونا وائرس سے بچایا جائے اور ان کے اہل خانہ کی مدد کی جائے۔دنیا کے سب سے امیر آدمی بیزوس کی ملکیت والی امازون کمپنی نے اس فنڈ میں 25 ملین ڈالر کی امداد کی لیکن عام لوگوں سے مطالبہ کیا کہ وہ امازون کے ملازمین کی خاطر عطیات دیں۔ جیف بیزوس کی طرف سے اس اپیل پر سوشل میڈیا پران کے خلاف سخت تنقید کی لہر دوڑ گئی ہے۔