پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 3 اموات ہو گئیں

سندھ میں کورونا کے 2مریض جاں بحق،کورونا سے جنگ لڑنے والا محکمہ صحت کا ایک ملازم بھی جان کی بازی ہار گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 29 مارچ 2020 14:23

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 3 اموات ہو گئیں
کراچی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مارچ 2020ء) کورونا سے جنگ لڑنے والا محکمہ صحت کا ایک اور ملازم جان کی بازی ہار گیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ نگر میں کورونا مریضوں کے ساتھ ڈیوٹی کرنے والا پیرامیڈیکل سٹاف کا اہکار جاں بحق ہو گیا ہے۔جاں بحق ہونے والا اہلکار کورونا کے ریڈزون نگر میں ڈیوٹی کر رہا تھا۔کورونا سے متاثر ہونے کے بعد نگر قرنطینہ میں داخل ہوا تھا۔

وزیر صحت سندھ نے اتوار کے روز کورونا وائرس سے مزید 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔وزیر صحت و پاپولیشن ویلفیئر ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کی عمریں 70 اور 83 سال ہیں۔دونوں کا انتقال گذشتہ رات ہوا۔دونوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1500سے تجاوز کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو پاکستان میں کورونا وائرس کے 58 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے سندھ میں 29 ، اسلام آباد میں 12، گلگت میں 8، پنجاب میں 7 اور بلوچستان میں 2 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی۔

ہ پاکستان میں مہلک وائرس سے اب تک 27 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان، اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سے 2، 2 جبکہ ایک کا پنجاب سے تعلق ہے۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 7 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 497 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت نے ٹوئٹر کے ذریعے بتایا کہ لاہور میں 116 گجرات 51، جہلم 19، راولپنڈی 15، گوجرانوالہ 9، فیصل آباد 9، ڈی جی خان 5، ملتان 3، منڈی بہاوالدین 4 اور سرگودھا،میانوالی، ننکانہ صاحب، نارووال میں 2 جبکہ رحیم یار خان، اٹک اور بہاولنگر میں ایک ایک کیس ہے۔