وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت خصوصی اجلاس،

کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے بنائے گئے ایکشن پلان پر من و عن عملدرآمد پر اتفاق پنجاب کی سیاسی و عسکری قیادت کا وباء کی روک تھام کیلئے حکومتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کی جانب سے سول حکومت سے بھرپور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹرزاورہیلتھ پروفیشنلزکو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دیںگے‘عثمان بزدار انسداد کورونا مہم کے دوران جاں بحق ملازمین،ڈاکٹروں اورہیلتھ پروفیشنلز کے لواحقین کو شہداء پیکیج کے تحت مراعات دیں گے گندم کی نئی فصل کی کٹائی کا آغاز اپریل میں ہوگا،کسانوں سے 1400 روپے من کے حساب سے گندم خریدی جائے گی ساڑھے تین گھنٹے طویل اجلاس میں کورونا وباء کی تازہ صورتحال، حفاظتی اقدامات اور عوام کی زندگیوں کے تحفظ کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ

پیر 30 مارچ 2020 20:39

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت خصوصی اجلاس،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ ساڑھے تین گھنٹے طویل اجلاس میں صوبے میں کورونا وباء کی تازہ صورتحال، حفاظتی اقدامات اور عوام کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان ، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید،چیف سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان،انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے اور متاثرہ مریضوں کے بہترین علاج معالجے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے بنائے گئے ایکشن پلان پر من و عن عملدرآمد پر اتفاق کیا گیا۔ پنجاب کی سیاسی و عسکری قیادت نے وباء کی روک تھام کیلئے حکومتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا۔اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کی جانب سے سول حکومت سے بھرپور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹرزاورہیلتھ پروفیشنلزکو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دیںگے۔پنجاب حکومت انسداد کورونا مہم کے دوران جاں بحق ہونے والے ملازمین،ڈاکٹروں اورہیلتھ پروفیشنلز کے لواحقین کو شہداء پیکیج کے تحت مراعات دے گی۔ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں امتناع وبائی امراض آرڈیننس نافذ العمل ہوچکا ہے۔

آرڈیننس کے نفاذ سے انتظامیہ اورمحکمہ صحت کے حکام کو کورونا کنٹرول کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر عملدر آمد میں سہولت ہوگی۔صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذالعمل ہے۔محکمہ صحت کو 12 ارب روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ انتہائی حساس علاقوں کو مکمل طور پر لاک ڈائون کیا گیا ہے۔ متاثرہ مریضوں سے قریبی رابطہ رکھنے والے افراد کو ٹریس کرنے کیلئے ایس او پیز مرتب کر لئے گئے ہیں۔

صوبے میں ٹیسٹنگ کیلئے نئی لیبز قائم کر رہے ہیں۔ گندم کی نئی فصل کی کٹائی کا آغاز اپریل میں ہوگا۔پنجاب حکومت نے فلور ملوں کیلئے گندم کا کوٹہ بڑھا دیا ہے۔خیبرپختونخوا کو بھی روزانہ کی بنیاد پر 5 ہزار میٹرک ٹن گندم دے رہے ہیں۔کسانوں سے 1400 روپے من کے حساب سے گندم خریدی جائے گی۔اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کورونا کی وباء سے نمٹنے کیلئے اقدامات کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔ اجلاس میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال ،احتیاطی تدابیر اورحفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فوڈ سکیورٹی اور فوڈ سپلائی چین کے حوالے سے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔