شدید بارش سے جنوبی پنجاب اور پوٹھوہار ریجن میں گندم کی فصل متاثر ہوئی، پیداواری ہدف کے حصول میں مشکلات ہو سکتی ہیں، احمد جواد

منگل 31 مارچ 2020 13:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) پنجاب میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے گندم کا 27.03 ملین ٹن پیداواری ہدف متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) کے بزنس پینل کے وفاقی سیکرٹری جنرل احمد جواد نے منگل کو ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی حالیہ وباء کی وجہ سے قومی معیشت کو مسائل کا سامنا ہے اور ملک بھر بالخصوص صوبہ پنجاب میں حالیہ شدید بارشوں کی وجہ سے 27.03 ملین ٹن کا گندم کا پیداواری ہدف بھی متاثر ہو سکتا ہے۔

گندم کی پیداوار میں کمی سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں شدید بارش کی وجہ سے جنوبی پنجاب اور پوٹھوہار ریجن میں گندم کی فصل متاثر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

احمد جواد نے مزید کہا کہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کے تخمینہ کے لئے حکومت کو تفصیلی سروے کروانا چاہیے تاکہ پنجاب حکومت کاشتکار برادری کے لئے ریلیف کے اقدامات کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان متاثرہ علاقوں میں گندم کے کاشتکاروں کو زرعی ترقیاتی بینک اور بینک آف پنجاب سے لئے گئے قرضوں پر سود کی معافی کے حوالے سے ہدایات جاری کرے۔ ایک سوال کے جواب میں احمد جواد نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے قومی برآمدات میں کمی کے باعث ہمارا زرعی شعبہ پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے کیونکہ عالمی وباء کی وجہ سے روئی کی بین الاقوامی اور ملکی مارکیٹ میں طلب کم ہوئی ہے جبکہ فصلوں کی کاشت کے حوالے سے کسانوں کی ترجیحات میں تبدیلی کی وجہ سے کپاس کی ملکی پیداوار میں بھی مسلسل کمی کا رجحان ہے۔

احمد جواد نے کہا کہ معاشی سست روی کے باعث زرعی شعبہ میں کام کرنے والے 12.82 ملین کارکنوں کے روزگار بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت زرعی شعبہ میں کام کرنے والے ورکرز کے روزگار کے تحفظ کے لئے اقدامات کے ساتھ ساتھ دیہی معیشت کی ترقی اور فروغ کے لئے دیہی علاقوں میں نئے منصوبے متعارف کروائے تاکہ دیہی علاقوں میں افرادی قوت کو اپنے گھروں کے قریب روزگار کے مواقع حاصل ہوں جس سے شہروں کی جانب نقل مکانی کے بڑھتے ہوئے رجحان پر قابو پایا جا سکے۔