پاورٹی اریڈیکیشن اینیشیٹیونے کرونا وائر س سے بچائو کیلئے حکومت بلوچستان کو سوسے زائد اقسام کے طبی احتیاطی سامان وآلات مفت فراہم کردیئے

بدھ 1 اپریل 2020 00:03

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مارچ2020ء) ملک بھر میں صحت کی بہترین اور محفوظ سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں پاورٹی اریڈیکیشن اینیشیٹیو(پی ای آئی)نے سندھ کے بعد بلوچستان میں کرونا وائرس کی وبا سے نبرد آزما ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اور اسپتالوں کے دیگراسٹاف کی حفاظت اور مریضوں کی آسانی کے لئے حکومت بلوچستان کو سوسے زائد اقسام کے طبی احتیاطی سامان وآلات مفت فراہم کردیئے ہیں۔

چھیتر ہزار تعداد سے زائد احتیاطی سامان چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر کے حوالے کیا گیا۔پی ای آئی کے ڈاریکٹر شاہد یوسف نے بلوچستان میں کرونا کی وبا، مریضوں میں اضافے اور اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو درپیش خطرات اور مسائل کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں اس حوالے سے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت ہمارے ڈاکٹرز ہی ہمارا ہر اول دستہ ہیں، ان کی محنت اور ہمت کی داد دینے کے ساتھ ساتھ انہیں حفاظتی سامان فراہم کرنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں وزیر اعلی بلوچستان جام کمال کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ جام کمال مشکل حالات سے مقابلہ کرنا جانتے ہیں انہوں نے واضح کیا کہ پی ای آئی ان مشکل حالات میں اور صحت کو درپیش دیگر چیلنجز میں حکومت بلوچستان کے ساتھ تعاون کرتی رہے گی جبکہ پی ای آئی سندھ حکومت کو ساڑھے چار ارب روپے سے زائد مالیت کا طبی سامان فراہم کرچکی ہے اور مستقبل میں بھی یہ تعاون جاری رہے گا جی ایم آپریشنز سید گوہر علی شاہ نے کہا کہ پی ای آئی اپنے ڈائریکٹرشاہد یوسف کے وژن کے مطابق خدمت کو اپنا شعار سمجھتی ہے اور اس مشکل وقت میں بلوچستان حکومت کے ساتھ کھڑی ہے ۔

انہوں نے ضرورت کے مطابق سامان کی مزید فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیرہی واحد حل ہیں ۔ اس وقت ڈاکٹرز کومحفوظ رہنے کے لئے اس سامان کی اشد ضرورت ہے ۔اس سیوبا کے مزید پھیلاو کو روکنے میں بھی مدد ملے گی یاد رہے کہ پی ای آئی سندھ میں پبلک پرائیوئٹ پارٹنرشپ کے تحت سندھ پیپلز ہیلتھ پروگرام میں سندھ بھر کے پچاس سے زائد اسپتالوں میں تئیس سو اقسام کے طبی اور سرجیکل آلات بھی مفت فراہم کرتی آئی ہے حال ہی میں پی ای آئی نے حکومت بلوچستان کے ساتھ تین سال کا پروجیکٹ سائن کیا ہے جس کے تحت وہ صوبے میں بہتر طبی سہولیات، انفیکشن کنٹرول، ماں اور بچے کی صحت پر کام کرنے کے ساتھ صوبے کے سات بڑے اسپتالوں میں طبی و سرجیکل آلات مفت فراہم کرے گی۔

اس کے علاوہ صوبے کے صحت سے متعلق اسٹاف کو بچوں کی صحت اور تعلیم کے حوالے سے تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔