وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کو ٹیلی فون کورونا وائرس کے عالمی چیلنج سے نمٹنے پر تبادلہ خیال

بدھ 1 اپریل 2020 10:15

اسلام آباد ۔ یکم اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اپریل2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کو ٹیلیفون کیا۔ بدھ کو وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے مابین کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ ء خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کورونا وائرس کی وباء کے باعث سعودی شہریوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے سعودی ہم منصب کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا۔ وزیر خارجہ نے سعودی عرب کی طرف سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے کئے گئے بروقت اقدامات کی تعریف کی۔ وزیر خارجہ نے اس عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں سے سعودی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب کو کورونا عالمی وبائی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے سعودی عرب کی جانب سے جی۔ 20 ورچوئل سمٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اس عالمی وبا کے چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے پاکستان جیسے کم وسائل کے حامل ترقی پذیر ممالک کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس لئے وزیر اعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کو ری اسٹرکچر کرنے کی تجویز دی ہے تاکہ وہ اپنے وسائل اس وبائی چیلنج سے نمٹنے اور قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کے لئے بروئے کار لا سکیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور جیزان پر میزائل حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی دفاعی افواج کے کردار کی تعریف کی جنہوں نے بروقت اس حملے کو روک کر قیمتی انسانی جانوں اور املاک کو نقصان سے بچایا۔ وزیر خارجہ نے پاکستان کی طرف سے مملکت سعودی عرب اور برادر عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی اور جغرافیائی سالمیت پر کسی بھی جارحیت کے خلاف سعودی عرب کی مکمل حمایت اور معاونت کے عزم کا اعادہ کیا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کورونا عالمی وبا کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر اظہار تعزیت کرنے، سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور جیزان پر میزائل حملوں کے خلاف اصولی موقف اپنانے اور سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل نے جی ۔20 ورچوئل سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی طرف سے دی جانے والی مبارک باد پر شکریہ ادا کیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو آگاہ کیا کہ موجودہ عالمی وبائی چیلنج کے پیش نظر محدود معاشی وسائل کے حامل ممالک کے قرضوں کی ری سٹرکچرنگ کی تجویز سمیت ترقی پذیر ممالک کی معاشی معاونت کے بہت سے پہلوؤں کو جی ۔20 ورچوئل سربراہی اجلاس کے دوران زیر غور لایا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس عالمی چیلنج سے نبرد آزما ہونے اور باہمی تعاون کے فروغ کیلئے مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔