انصاف امداد پیکج کے تحت جانچ پڑتال کے بعد مستحق افراد تک امدادپہنچائی جائیگی، جمشید چیمہ

جمعرات 2 اپریل 2020 14:39

انصاف امداد پیکج کے تحت جانچ پڑتال کے بعد مستحق افراد تک امدادپہنچائی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ،انصاف ویلفیئر ونگ کے سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوںکی آل پارٹیز کانفرنسز کا مقصد تجاویز دینے کی بجائے صرف حکومت پر تنقید کے نشتر برسانا ہے ،شہباز شریف کو مشکل کی اس گھڑی میںبھی سیاست چمکانے سے فرصت نہیں ،حکومت اورعوام مل کر کوروناکے خلاف نبرد آزماہیں او رانشاء اللہ جلد سر خرو ہوں گے،انصاف امداد پیکیج کیلئے رجسٹریشن کا عمل شروع ہو گیا ہے اور جانچ پڑتال کے بعد مستحق افراد تک نقد امدادپہنچائی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کے روز حلقہ این اے 127کے رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ اپوزیشن موجودہ حالات میں اتحاد کادرس دینے کی بجائے نفاق کا باعث بن رہی ہے ، اپوزیشن رہنما تھوڑا وقت نکالیںاو رحفاظتی تدابیر اپنا کر باہر جائیں تو انہیں حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات نظر آ جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کی مددکرنا حکومت کا فرض ہے اور جب تک یہ مشکل وقت ٹل نہیں جاتا حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی ۔

انہوں نے کہا کہ 10ارب روپے کے انصاف امداد پیکج کے علاوہ وفاق کی امداد بھی مستحق افراد میں تقسیم ہوگی اوراس حوالے سے بھی عملی کام شروع ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم سب کو کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کا علاج کرنے والے طبی عملے کا مورال بلند کرنے کی ضرورت ہے لیکن اپوزیشن منفی پراپیگنڈا کررہی ہے جو قابل مذمت ہے ،تمام طبی عملے کو حفاظتی سامان فراہم کیا گیا ہے اور کسی بھی جگہ پر حفاظتی سامان کی کوئی قلت نہیں۔