چین نے کروناوائرس کو کنٹرول کرنے میں پاکستان کو ترجیح دی ہے: وزیر اعظم عمران خان

پاکستان خوش قسمت ہے کہ چین ہمیں سامان کی فراہمی میں ترجیح دے رہا ہے کیونکہ چین نے وبا پر قابو پانا شروع کردیا ہے: وزیراعظم کا راولپنڈی میں ڈاکٹروں سے خطاب

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 2 اپریل 2020 21:45

چین نے کروناوائرس کو کنٹرول کرنے میں پاکستان کو ترجیح دی ہے: وزیر اعظم ..
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اپریل 2020ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین نے کروناوائرس کو کنٹرول کرنے میں پاکستان کو ترجیح دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان راولپنڈی میں ڈاکٹروں سے خطاب کررہے تھے، خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان خوش قسمت ہے کہ چین ہمیں سامان کی فراہمی میں ترجیح دے رہا ہے کیونکہ چین نے وبا پر قابو پانا شروع کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آنے والا تمام سامان چین سے آرہا ہے،وہاں حفاظتی سازوسامان خصوصا وینٹیلیٹرز کی طلب تھی، پاکستان کو بھی اس سامان کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نے ڈاکٹروں ، نرسوں اور دیگر طبی عملے کو یقین دلایا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ ہ چین کی طرح ہم بھی کورونا کو شکست دیں گے، چین سے بڑی تعداد میں میڈیکل آلات مل گئے، کورونا سے نمٹنے کیلئے ادارے مزید فعال کردار ادا کریں، مشکل وقت میں چین ہماری مدد کررہا ہے، کورونا سے متعلق روزانہ بریفنگ دی جائے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ چینی حکومت کی جانب سے آٹھ رکنی طبی ماہرین کی ٹیم 28 مارچ کو نوول کروناوائرس کی وبا سے جنگ میں پاکستان کی مدد کے لئے اسلام آباد پہنچی تھی، اس سے ایک روز قبل شمالی گلگت بلتستان (جی بی) کے علاقے خنجراب پاس پر چین کی جانب سے تقریبا دو ٹن طبی سامان پاکستان کے حوالے کیا گیا جبکہ پی آئی اے کا پہلا 777 جہاز آج صبح چین سے14ٹن سامان لیکراسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے ترجمان کےمطابق چین سے100 تھرمل سکینر اور دوسرا ذاتی حفاظتی سامان منگوایا گیا ہے،ذاتی حفاظتی سامان میں تقریبا9لاکھ ماسک،60ہزار حفاظتی عینکیں اور33 سوسے زائد حفاظتی سوٹ شامل ہیں۔