وزیر خارجہ کا موجودہ وبائی چیلنج کے حوالے سے پاکستانیوں کے نام اہم ویڈیو پیغام

ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف، ہم آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،آپ کے بغیر ہم یہ لڑائی جیت ہی نہیں سکتے،آپ ہمارے ہیرو ہیں مخیر حضرات آپ نے کسی بھی آڑے وقت میں پاکستان کی قوم کو مایوس نہیں کیا، میڈیا کے تعاون کے بغیر ہم آگے بڑھ ہی نہیں سکتے

جمعرات 2 اپریل 2020 22:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے موجودہ وبائی چیلنج کے حوالے سے پاکستانیوں کے نام اہم ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف، ہم آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،آپ کے بغیر ہم یہ لڑائی جیت ہی نہیں سکتے ۔آپ ہمارے ہیرو ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری پولیس، ہماری افواج، آپ جو کردار ادا کر رہے ہیں پوری قوم آپ کو سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات آپ نے کسی بھی آڑے وقت میں پاکستان کی قوم کو مایوس نہیں کیا،زلزلہ ہو، سیلاب ہو آپ نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا آج ایک دفعہ پھر امتحان کا سامنا ہے آپ وزیر اعظم کے ریلیف فنڈ میں دل کھول کر عطیات جمع کرائیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت جو آپ کو اس وبا سے بچنے کیلئے، سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے سمیت مختلف ہدایات دے رہی ہے خدا کیلئے ان پر عمل کیجئے یہ احتیاط آپ کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روابط کو موثر بنانے کیلئے حکومت نے نیشل کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی ہے،اس کمیٹی میں کیے گئے فیصلوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ایرا کی بلڈنگ میں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کر دیا گیا ہے تاکہ ہم موثر انداز میں آگے بڑھ سکیں ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کا میں خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کیونکہ میڈیا کے تعاون کے بغیر ہم آگے بڑھ ہی نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ اس وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے میڈیا نے اپنے سماجی پیغامات اور پروگراموں کے ذریعے جس طرح آگاہی مہم چلائی ہے وہ قابل تحسین ہے ہمیں آگے بڑھنے کیلئے آپ کا مسلسل تعاون درکار ہو گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں چاہیے ایمان، ہمیں چاہیے نوجوان اور ان کو ملا کے جیتے گا پاکستان۔