مساجد کی منتظمہ کمیٹیوں کے اراکین اور علماء کرام کے ساتھ ڈی ایس پی کینٹ کی ملاقاتیں

اتوار 5 اپریل 2020 18:55

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2020ء) ایبٹ آباد کی مساجد کی منتظمہ کمیٹیوں کے اراکین اور علماء کرام کے ساتھ ڈی ایس پی کینٹ راجہ محبوب نے خصوصی ملاقاتیں کر کے موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔عوامی اجتماع کو محدود کرنے اور سماجی رابطوں میں فاصلے رکھنے کے علاوہ نماز کی ادائیگی میں کم سے کم افراد کے طریقہ کار پر عمل کرنے پر زور دیا ہے۔

اس حوالہ سے جھگیاں، سپلائی،کیہال،نڑیاں،اور دیگر مساجد کی منتظمہ کمیٹیوں اور علماء کرام سے تھانہ کینٹ اور سپلائی چوکی میں ڈی ایس پی کینٹ راجہ محبوب نے ملاقاتیں شروع کر رکھی ہیں۔ایس ایچ او کینٹ طاہر سلیم اور انچارج چوکی سپلائی بلال خان کے ہمراہ خصوصی ملاقاتوں میں موجودہ صورتحال میں احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کے لئے گفتگو ہو ئی۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی کینٹ راجہ محبوب نے مساجد میں نماز کے اوقات میں پانچ افراد سے زائد افراد پر پابندی کے حوالے سے آگاہ کیا۔انہوں نے علماء کرام اور منتظمہ کمیٹی سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے مقامی سطح پر اس کی آگاہی دیں،کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حکومت کی ہدایات پر ڈی پی او ایبٹ آباد نے عملدرآمد کرانے کی احکامات دئیے ہیں۔

موجودہ حالات میں اس پر سختی سے عمل کرنا ناگزیر ہے،انہوں نے کہا کہ عوام کے جان مال کا تحفظ پولیس کے فرائض میں شامل ہے،موجودہ حالات میں کورونا کی وباء سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے،مساجد میں بزرگ اور بچے آنے سے احتیاط برتیں اور گھر میں رہ کے نماز کی ادائیگی کریں،چونکہ وائرس کا سماجی میل جول سے زیادہ پھیلنے کا خطرہ موجود ہے اس سے بچاو کے لئے مساجد میں نماز کے صرف پانچ افراد تک آنے کی اجازت ہے،جس پر عمل ضروری ہے،اس موقع پر مساجد کی منتظمہ کمیٹیوں کے اراکین اور علماء کرام نے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے حوالے سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔