احساس کیش ایمرجنسی پروگرام وزیراعظم عمران خان کی غریب محنت کش طبقے سے والہانہ محبت اور احساس کا مظہر ہے، رواں ہفتے حقداروں کو رقوم ملنا شروع ہو جائیں گی

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

پیر 6 اپریل 2020 14:39

احساس کیش ایمرجنسی پروگرام وزیراعظم عمران خان کی غریب محنت کش طبقے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2020ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ احساس کیش ایمرجنسی پروگرام وزیراعظم عمران خان کا غریب، مزدور اور محنت کش طبقے سے والہانہ محبت اور احساس کا مظہر ہے، یہ پروگرام محروم طبقات کی معاشی مشکلات دور کرنے میں ممدومعاون ثابت ہوگا، رواں ہفتے حقداروں کو یہ رقوم ملنے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا، مستحقین شراکتی بینکوں سے رقم وصول کر سکیں گے علاوہ ازیں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اضافی کاؤنٹرز کا انتظام بھی کر رہے ہیں۔

پیر کو اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ نئے پاکستان کا ایجنڈا احساس اور عوام کی خدمت ہے، کیش پروگرام کے تحت 144 ارب روپی1 کروڑ 20 لاکھ خاندانوں میں تقسیم ہوں گے، مستحق خاندان کو 12 ہزار روپے یک مشت ادا کر دئیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے اس تاریخی اقدام کے ثمرات چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے مستحق گھروں تک پہنچیں گے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ امداد کی فراہمی کے لئے جانچ پڑتال کا مؤثر طریقہ کار اپنایا گیا ہے تاکہ شفافیت کے عمل پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے، رواں ہفتے حقداروں کو یہ رقوم ملنے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا، مستحقین شراکتی بینکوں سے رقم وصول کر سکیں گے علاوہ ازیں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اضافی کاؤنٹرز کا انتظام بھی کر رہے ہیں۔