چینی اور آٹے کے معاملے کی انکوائری وزیر اعظم کے حکم پر شروع ہوئی،عمران خان نے پاکستان کے عوام سے حقائق نہ چھپانے کا عہد پورا کر دیا ہے

قوم کی صحت کے پیسوں پر ہاتھ صاف کرنے والوں کی اپنی صحت بہترین ہے، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

پیر 6 اپریل 2020 17:07

چینی اور آٹے کے معاملے کی انکوائری وزیر اعظم کے حکم پر شروع ہوئی،عمران ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2020ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چینی اور آٹے کے معاملے کی انکوائری وزیر اعظم کے حکم پر شروع ہوئی، انہوں نے پاکستان کے عوام سے حقائق نہ چھپانے کا عہد پورا کر دیا ہے، قوم کی صحت کے پیسوں پر ہاتھ صاف کرنے والوں کی اپنی صحت بہترین ہے، اس وقت قوم کورونا وائرس کی وبا کے خلاف جنگ کر رہی ہے، دوسری جانب قائد حزبِ اختلاف اور اپوزیشن اپنی کوریج کے چکر میں اس موقع کو سیاست کیلئے استعمال کر رہی ہے، پاکستان کے عوام اس وقت ہم سب کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

پیر کو معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اس لمحے قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنے والا پاکستان کے عوام کا دوست نہیں ہو سکتا، قائد حزبِ اختلاف اور شاہد خاقان عباسی اپنی کورونا زدہ سوچ کا اظہار وائرس کے خلاف جنگ کے دوران نہ کریں تو بہتر ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرپٹ ٹولے کی ’’کرپشن کے کورونا‘‘ کی وجہ سے پاکستان معاشی لا ک ڈائون کا شکار ہوا، قوم کی صحت کے پیسوں پر ہاتھ صاف کرنے والوں کی اپنی صحت بہترین ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شاہد خاقان صاحب !چینی اور آٹے معاملے کی انکوائری وزیر اعظم کے حکم پر شروع ہوئی، رپورٹ کو پی آئی ڈی کی ویب سائٹ پر ڈال کر حکومت نے پبلک کیا، وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کے عوام سے حقائق نہ چھپانے کا عہد پورا کر دیا ہے، اس اقدام نے آپ کی بھی آنکھیں کھول دی ہیں۔