انتظامیہ نے کچھ کاروبار حفاظتی انتظامات کے ساتھ کھولنے کی اجازت دے دی، باقی ماندہ کاروبار بھی محدود اوقات کیلئے کھولنے کی اجازت دی جائے، صدر اسلام آباد چیمبر

پیر 6 اپریل 2020 19:10

انتظامیہ نے کچھ کاروبار حفاظتی انتظامات کے ساتھ کھولنے کی اجازت دے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2020ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا ہے کہ ملک بھر کے کاروبار اور صنعتی ادارے کورونا وائرس کی وجہ سے بند ہیں جس سے کاروبار تباہ ہو چکے ہیں۔ پیر کو یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے کچھ کاروبار حفاظتی انتظامات کے ساتھ کھولنے کی اجازت دے دی ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے بھی 14اپریل سے کنسٹرکشن انڈسٹری اور اس سے منسلک کاروبار کھولنے کا عندیہ دیا ہے، انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ باقی ماندہ کاروبار بھی حفاظتی پروٹوکول کے ساتھ محدود اوقات کیلئے کھولنے کی اجازت دے۔

نانہوں نے کہا کہ انڈسٹری بند ہونے سے مزدور بھی فارغ ہیں، تاہم ہماری درخواست پر صنعتکاراپنے مزدوروں کو کھانے پینے کی اشیاء فراہم کر رہے ہیں اور کسی بھی مزدور کو بیروزگار نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر لاک ڈاؤن طویل عرصے تک جاری رہا تو صنعتکاروں کیلئے اپنے ورکرز کو بغیر کام کے تنخواہ دینا ممکن نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کام بند ہونے سے صنعتکاروں کیلئے مقامی اور بیرون ممالک کے آرڈرز پورے کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے جبکہ بینکوں کی اقساط اور مارک اپ میں کوئی کمی نہیں کی گئی نہ ہی قرضے ڈیفر کیے گئے ہیں۔

انہوں نے حکومتی ذمہ داران سے مارک اپ اور قرضوں کو ڈیفر کرنے کے معاملہ پر غورکرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے تاجر برادری پر بھی زور دیا کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ تمام ایس او پیز پر پوری طرح عمل درآمد کریں اور اپنے ملازمین و گاہکوں کی حفاظت کیلئے تمام مطلوبہ اقدامات اٹھائیں۔اسلام آباد چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے کہا کہ چھوٹے دکاندار دیہاڑی دار مزدوروں کی طرح ہوتے ہیں، انہوں نے حکومت سے بجلی و گیس کے کمرشل بل چند ماہ کیلئے ڈیفر کیے جانے اور چھوٹے دکانداروں کو 6 لاکھ تک بلا سود قرضے مہیا کرنے کی اپیل کی تا کہ وہ اپنی کاروباری سرگرمیاں بحال کر سکیں۔ن