بی جے پی رہنما کی کورونا کو بھگانے کیلئے ہوائی فائرنگ

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل،اپوزیشن جماعتو کی تنقید،پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی

منگل 7 اپریل 2020 14:09

بی جے پی رہنما کی کورونا کو بھگانے کیلئے ہوائی فائرنگ
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) بھارت میں مودی کی جماعت کی معروف مقامی رہنما منجو تیواری نے کورونا وائرس کو بھگانے کے لیے ہوائی فائرنگ کی اور ساتھ ساتھ گو کورونا گو کے نعرے لگاتی رہیں۔بھارتی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم مودی کی اپیل پر ملک بھر میں کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے یوم یکجہتی منایا گیا جس کے دوران شمعیں روشن کی گئیں اور کورونا کو شکست دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

ریاست اتر پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی خاتون رہنما منجو تیواری نے اپنے وزیراعظم کی تابعداری مضحکہ خیز انداز میں کی، خاتون رہنما نے نائن ایم ایم پستول سے ہوائی فائرنگ کی اور ساتھ ساتھ ’گو کورونا گو‘ کے نعرے بھی لگاتی رہیں۔خاتون نے نہ صرف ہوائی فائرنگ کی بلکہ ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی جس پر اپوزیشن جماعتوں سمیت عوام نے بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد پولیس نے خاتون رہنما کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی۔