کورونا وائرس کو بھگانے کیلئے بی جے پی رہنما کی ہوائی فائرنگ اور ”گو کورونا گو“ کے نعرے

بھارتیہ جنتا پارٹی کی خاتون رہنما منجو تیواری کی نائن ایم ایم پستول سے ہوائی فائرنگ، ’گو کورونا گو‘ کے نعرے، ویڈیو بناکر شئیرکردی، پولیس نے ایف آئی آر درج کرلی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 7 اپریل 2020 14:28

کورونا وائرس کو بھگانے کیلئے بی جے پی رہنما کی ہوائی فائرنگ اور ”گو ..
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اپریل2020ء) کورونا وائرس کو بھگانے کیلئے بی جے پی رہنما نے ہوائی فائرنگ اور ”گو کورونا گو“ کے نعرے لگانا شروع کردیے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد ایک سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 32 افراد کووڈ انیس کے سبب ہلاک ہوئے جبکہ 639 نئے مصدقہ کیسز سامنے آئے جو ایک دن میں اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

بھارت میں یہ مسلسل چوتھا دن ہے جب مصدقہ مریضوں کی تعداد میں 500 سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔ کورونا وائرس پر قابو پانے کی کوشش میں حکومت نے اکیس دنوں کے لاک ڈاؤن کا اعلان کر رکھا ہے۔ان حالات میں چند روز قبل بھارت میں کورونا وائرس کو بھگانے کے لیے ’گو کورونا گو‘ کے گانے گائے تھے جبکہ کچھ عجیب و غریب واقعات بھی سامنے آئے تھے جس میں دو بچیوں کے نام کرونا اور کووڈ رکھے گئی تاہم کچھ لوگوں کو درختوں پر اور ایک شخص کو کورونا وائرس کی اطلاع پر گائوں سے بیدخل کرنے کے بعد اسے کشتی پر قرنطینہ کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ وہاں پر کورونا وائرس کو بھگانے کے لیے ہوائی فائرنگ کی گئی اور ساتھ ساتھ ’گو کورونا گو‘ کے ایک مرتبہ پھر نعرے لگائے گئے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کی اپیل پر ملک بھر میں کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے یوم یکجہتی منایا گیا جس کے دوران شمعیں روشن کی گئیں اور کورونا کو شکست دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا البتہ ریاست اتر پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی خاتون رہنما منجو تیواری وزیراعظم کی ہدایت کرنے میں کچھ زیادہ آگے نکل گئیں اور خاتون رہنما نے نائن ایم ایم پستول سے ہوائی فائرنگ کی اور ساتھ ساتھ ’گو کورونا گو‘ کے نعرے بھی لگائے۔

منجو تیواری نے فائرنگ کرتے ہوئے ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی جس پر اپوزیشن جماعتوں سمیت عوام نے بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد پولیس نے خاتون رہنما کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ایف آئی آر درج ہونے کے بعد حکمراں جماعت کی رہنما کو اپنی غلطی کا احساس ہوا اور اپنے غیر قانونی اقدام پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میں نے یوم یکجہتی ہولی کی طرح منایا اس لیے آتش بازی کی۔