اپنے دور میں ویرات کوہلی کو بائولنگ کا موقع ملتا تو زندگی مشکل بنا دیتا: وقار یونس

ٹنڈولکر،لارا،مارٹن کروو،ویوین رچرڈزجیسے بہترین بیٹسمینوں کیخلاف بالنگ کی، موجودہ دور میں بھی کھیلنے کا موقع ملتا تو اہلیت اور صلاحیت میں کوئی تبدیلی رونما نہ ہوتی: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 7 اپریل 2020 15:43

اپنے دور میں ویرات کوہلی کو بائولنگ کا موقع ملتا تو زندگی مشکل بنا دیتا: ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7اپریل 2020ء ) ویرات کوہلی سے متعلق حالیہ بیان پر’’ٹو ڈبلیوز‘‘کے درمیان عدم اتفاق سامنے آگیا ہے اور سابق قومی فاسٹ بالر وقار یونس کا دعویٰ ہے کہ اگر اپنے دور میں انہیں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو بالنگ کا موقع ملتا تو وہ ان کی زندگی مشکل بنا دیتے ۔واضح رہے کہ وسیم اکرم نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ کم عمری میں موقع ملتا تو انہیں ویرات کوہلی کیخلاف بالنگ کرتے ہوئے مشکل پیش آتی۔

وقار یونس کے مطابق وہ اس قسم کا بیان دے ہی نہیں سکتے کیونکہ یہ تاثر ہی غلط ہے کہ ان کے دور میں ویرات کوہلی جیسے معیار کا کوئی کرکٹر نہیں تھا۔قومی بالنگ کوچ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے طویل کرکٹ کیریئر کے دوران سچن ٹنڈولکر،برائن لارا،مارٹن کروو اور ویوین رچرڈز جیسے بہترین بیٹسمینوں کیخلاف بالنگ کی اور ان کو کامیابی سے بالنگ کر کے دنیا میں اپنا نام بنایا تھا۔

(جاری ہے)

دائیں ہاتھ کے پیسر کا کہنا تھا کہ ان میں نامور بیٹسمینوں کو آؤٹ کرنے کی صلاحیت موجود تھی لہٰذا وہ وسیم اکرم کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے یہ بات یاد دلانا چاہیں گے کہ اگر موجودہ دور میں بھی انہیں کرکٹ کھیلنے کا موقع ملتا تو ان کی اہلیت اور صلاحیت میں قطعی کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوتی۔وقار یونس نے اپنے خلاف علاقائی تعصب کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے 25 سالہ کیریئر میں کبھی نہیں سوچا کہ راولپنڈی یا پنجاب کے دیگر شہروں کے پلیئرز کو اولین ترجیح سمجھا جائے بلکہ بطور کوچ بھی چار سالہ دور میں ان کھلاڑیوں کو موقع دیا جو پاکستان کرکٹ کی بہتری میں معاون ثابت ہو سکتے تھے ۔