کورونا عالمی وباء ہے اور اس سے پورا ملک متاثر ہوا ہے، بلوچستان میں غربت زیادہ ہے،

اس لئے کورونا سے صوبے کے عوام کے مسائل بڑھ گئے ہیں، ہم نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکج کا آغاز کر دیا ہے، تمام صوبوں اور آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ مشاورت سے 14 اپریل سے لاک ڈائون میں نرمی کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا وزیراعظم عمران خان کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 9 اپریل 2020 20:13

کورونا عالمی وباء ہے اور اس سے پورا ملک متاثر ہوا ہے، بلوچستان میں غربت ..
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا عالمی وباء ہے اور اس سے پورا ملک متاثر ہوا ہے، بلوچستان میں غربت زیادہ ہے، اس لئے کورونا سے صوبے کے عوام کے مسائل بڑھ گئے ہیں، ہم نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکج کا آغاز کر دیا ہے، تمام صوبوں اور آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ مشاورت سے 14 اپریل سے لاک ڈائون میں نرمی کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو دورہ بلوچستان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور وفاقی وزیر اسد عمر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کے بلوچستان کے دورے کا مقصد یہ تھا کہ یہاں کے عوام کی مشکلات میں کمی لانے کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر اقدامات اٹھائے جائیں، اس حوالے سے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کورونا عالمی وباء ہے اور پورا ملک اس سے متاثر ہوا ہے تاہم بلوچستان میں غربت زیادہ ہونے کے باعث اس صوبے کے عوام کے مسائل بڑھے ہیں، ہمیں ملک کے غریب اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے محنت کشوں کی بہت کی فکر ہے، ان کی مدد کے لئے ہم نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو 12 ہزار روپے فی خاندان ادا کئے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء اور لاک ڈائون سے جن شعبوں کو کھولنے کی ضرورت ہو گی ان کے بارے میں صوبوں کے ساتھ مشاورت سے فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی حکومت اکیلے یہ جنگ نہیں جیت سکتی، آج مغربی دنیا بھی وسائل کے باوجود مشکلات کا شکار ہے، ہم بحیثیت قوم مل کر اس آفت کا مقابلہ کریں گے اور یہ جنگ جیتیں گے۔