صدر مملکت سے اسلامی نظریاتی کونسل کے وفد کی ملاقات ، کورونا کی وبائی مرض سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری (کل) ایوان صدر میں جمعہ کا خطبہ دیں گے ، مغفرت کے لئے اجتماعی دعا کریں گے

جمعرات 9 اپریل 2020 23:45

صدر مملکت سے اسلامی نظریاتی کونسل کے وفد کی ملاقات ، کورونا کی وبائی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2020ء) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اسلامی نظریاتی کونسل کے وفد نے ملاقات کی ،وفد کی سربراہی اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز کررہے تھے ۔ ملاقات میں کورونا کی وبائی مرض سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے علمائے کرام نے مختلف تجاویز پیش کیں۔

اجلاس میں عوام سے گذارش کی گئی کہ وہ کل دو رکعت صلاة التوبہ ادا کریں۔

(جاری ہے)

علمائے کرام نے لوگوں کو اپنے گھروں پر نمازوں میں اللہ تعالی سے معافی مانگنے اور توبہ کرنے کا مشورہ دیا، جس سے انسانیت کو موجودہ تباہی سے بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری (کل) جمعہ کو ایوان صدر میں جمعہ کا خطبہ دیں گے اور مغفرت کے لئے اجتماعی دعا کریں گے ،اس دوران لوگوں کی تعداد انتہائی کم ہو گی اور تمام احتیاطی تدابیر کو یقینی بنایا جائے گا۔صدر مملکت نے کہاکہ علمائے کرام کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔