چینی طبّی ماہرین کاہلالِ احمر نیشنل ہیڈکوارٹرز کا دورہ،کرونا کے خلاف جاری کوششوں کیلئے سفارشات دیں

نو رکنی ٹیم نے راولپنڈی میں ہلال احمر کے قائم کردہ کرونا کئیر ہسپتال کا بھی دورہ کیااور وائرس کے خلاف جاری کو ششوں کو سراہا

جمعہ 17 اپریل 2020 18:14

چینی طبّی ماہرین کاہلالِ احمر نیشنل ہیڈکوارٹرز کا دورہ،کرونا کے خلاف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اپریل2020ء) چینی طبّی ماہرین کی ایک نو رکنی ٹیم نے گزشتہ روز ہلال احمر پاکستان کا دورہ کیا اور ادارے کی جانب سے کرونا وائرس کے خلاف کی جانے والی کوششوں کو مزید نتیجہ خیز بنانے کے لئے اپنی سفارشات پیش کیں۔پاکستان میں کروناوائرس کے پھیلاؤ کے بعدعوام الناس کی رہنمائی کے لئے چیئرمین ہلال احمر ابرار الحق کی قیادت میں نیشنل سوسائٹی نے ایک منظم و مربوط اور جامع آگاہی مہم کے آغاز کے علاوہ انتہائی قلیل مدت میں راولپنڈی شہر میں 120بستروں پر مشتمل ایک کرونا کئیر ہسپتال قائم کیا اورجبکہ اعلیٰ تربیت یافتہ رضاکاروں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے بے روزگار اور مستحق افراد میں راشن کی تقسیم کا آغازبھی کیا۔

چینی طبّی ماہرین کی ہلالِ احمر نیشنل ہیڈکوارٹرز آمدکے بعد سیکریٹری جنرل خالد بن مجید کی زیر نگرانی ایک بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں جوائنٹ ڈائریکٹر آپریشنز عبیداللہ خان ، ہلال احمر ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ایکٹنگ ہیڈ ڈاکٹر عدیل اور کرونا کئیر ہسپتال کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈٹ ڈاکٹر صائم اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH)سے بریگیڈئیر ڈاکٹر محمد شکیل اور ڈاکٹر عاصم سعید نے شرکت کی۔

بریفنگ میں چینی ماہرین کو رضاکاروں کی جانب سے کی جانے والی کوششوں ، کرونا وائرس کے خلاف جاری آگاہی مہم اور کرونا کئیر ہسپتال کے بارے میں مفصل بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر چینی طبعی ماہرین نے ہلال احمر کی جانب سے کرونا وائرس کے خلاف جاری کو ششوں کو مزید فعال اور نتیجہ خیز بنانے کے لئے اپنی سفارشات پیش کیں۔اس مو قع پر خالد بن مجید نے دو لاکھ N-95 ماسک اور دو ہزار Hoodiesدینے پر ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنا کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے چینی ماہرین کو بتایا کہ کرونا سے متاثر افراد کی نگہداشت کے لئے ہلال احمر پاکستان نے آٹھ فیلڈ ہسپتال قائم کیے ہیں۔خالد بن مجید نے کہا کہ ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنا نے مشکل وقت میں ہمیشہ ہلال احمر کا ساتھ دیا انہوں نے کہا کہ ریڈ کراس سوسائٹی آف چائناکے تعاون سے بلوچستان کے علاقے گوادرمیں پری فیبریکیٹڈ ایمرجنسی کئیر ہسپتال قائم کیا گیا۔ انہوں نے مفید و نتائج خیز سفارشات پیش کرنے پربھی چینی طبّی ماہرین کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی جانب سے رہنمائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔بریفنگ کے بعد چینی ماہرین نے کرونا کئیر سینٹر کا دورہ کیا اور ہلال احمر کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔