وائس چانسلر کی پنجاب یونیورسٹی ملازمین کوتنخواہ اور پینشن 23اپریل تک جاری کرنے کی ہدایت

جمعہ 17 اپریل 2020 22:52

لاہور۔17 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2020ء) وائس چانسلر پروفیسر نیازاحمد اختر نے پنجاب یونیورسٹی کے حاضر سروس اورریٹائرڈ ملازمین کی تنخواہ اورپینشن 23اپریل تک ادا کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دیں جبکہ ڈیلی ویجز ملازمین کو بھی رواں ماہ کی سیلری بغیر کٹوتی ادا کی جائے گی جنھیں موجودہ حالات میں مختلف ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر نیازاحمد اختر نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے اور کورونا وائرس کے باعث صورتحال کے تناظر میں ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے لوئر گریڈ ملازمین اور پنشنرز کو موجودہ حالات اور رمضان المبارک کے پیش نظر روزمرہ استعمال کی اشیاء با آسانی خریدنے میں سہولت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے اپر گریڈ ملازمین جو ملکی حالات کے پیش نظر اپنی تنخواہ سے جن مستحقین کی مدد کر رہے ہیں ان کو بھی سہولت ملے گی کہ وہ رمضان سے قبل دوسروں کی مدد کر سکیں۔ پروفیسر نیازاحمد نے کہا کہ یہ آزمائش کا وقت ہے اورہمیں ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے۔