ایئر یونیورسٹی کے زیراہتمام ملک بھر کے طلباء و طالبات کے مابین اپنی نوعیت کے پہلے منفرد ڈیجیٹل مقابلوں کا انعقاد کل سے ہوگا

ہفتہ 18 اپریل 2020 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2020ء) ایئر یونیورسٹی کے زیراہتمام ملک بھر کے طلباء و طالبات کے مابین اپنی نوعیت کے پہلے منفرد ڈیجیٹل مقابلوں (ایئر ای نیکسس 20) کا انعقاد کل اتوار سے کیا جارہا ہے۔ ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق پانچ روزہ ایئر ای نیکسس مقابلوں کابنیادی مقصد کورونا وائرس کے حالیہ بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوان نسل کو گھٹن کے ماحول سے نکال کر صحت مندانہ تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

مزید براں ایئر یونیورسٹی نے ڈیجیٹل مقابلوں سے حاصل کردہ تمام آمدنی کو حکومت کے کورونا ریلیف فنڈ میں عطیہ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایئر یونیورسٹی اسٹوڈنٹ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام ہر سال باقاعدگی سے ملک کے سب سے بڑے کھیلوں کے اولمپیاڈ کا انعقاد کیا جاتا ہے،تاہم رواں برس کورونا وائرس صورتحال کی بناء پرجدید ڈیجیٹل اور آن لائن ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایئر ای نیکسس مقابلوں میں طلباء و طالبات گھر بیٹھے مختلف مقابلوں بشمول مضمون نگاری، تحریر نویسی، کوئز،ویڈیو گرافی، فوٹو گرافی، اینی میشن وغیرہ میں بھرپور حصہ لے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایئر یونیورسٹی کے زیراہتمام ای نیکسس مقابلوں کا انعقاد موجودہ حکومت کی جانب سے متعارف کردہ ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو بھی تقویت پہنچانا ہے، اس سلسلے میں یونیورسٹی انتظامیہ کا مزیدکہنا ہے کہ نوجوان نسل کیلئے ای نیکسس مقابلوں میں جدید انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کے بھرپور استعمال سے کورونا بحران کے دوران ترقی کے نت نئے مواقع کھوجنے میں مدد مل سکے گی، ایئریونیورسٹی فاصلاتی سلسلہ تدریس/آن لائن نظامِ تعلیم (ای ایل ایم ایس) کو ملک کے طول و عرض میں رائج کرنے کی قومی کوششوں میں ہاتھ بٹانے کیلئے پیش پیش ہے، اس ضمن میں آن لائن مقابلوں کے انعقاد کیلئے صرف انہی ای لرننگ پلیٹ فارمز کا انتخاب کیا گیا ہے جو آن لائن سلسلہ تعلیم میں فی الوقت رائج اور میسر ہیں، اس اقدام کے ذریعے آن لائن ایجوکیشن مینجمنٹ سسٹم کو یونیورسٹی طلباء و طالبات میں کافی مقبولیت اور پذیرائی ملنے کی توقع کی جارہی ہے۔