یونیورسٹیوں کو وبا سے متاثرہ طبقات کی بہتری پہ توجہ دینی چاہیے ،ْ وائس چانسلر اوکاڑہ یونیورسٹی

اتوار 19 اپریل 2020 00:04

لاہور۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2020ء) ہم کرونا وائرس کی وبا سے سبق سیکھتے ہوئے ایک متوازن معاشرہ پیدا کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں اور سلسلے میں ملک کی یونیورسٹیوں کا کردار نہایت اہم ہو گا، ان خیالات کا اظہار معروف ماہر عمرانیات اور اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کیا۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس جان لیوا وبا کے باعث ملک میں بے روزگاری اور استحصال میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے اور اس کے نتیجے میں غربت زدہ طبقات، خواتین، نوجوان اور اقلیتیں زیادہ متاثر ہوں گی۔ پروفیسر زکریا نے معاشرے کی ترقی میں اعلی تعلیم کے کردار پہ روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جامعات ملک میں معیشت کے پہیے کو چلانے اور ملکی پیداوار میں اضافے کے لیے ہنر مند افرادی قوت مہیا کر سکتی ہیں۔

ہم بے روزگار افراد کو و ہ مہارتیں سیکھا سکتے ہیں جو ان کو زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے درکار ہیں۔ وائس چانسلر ن اس بات کی اہمیت پہ زور دیا کہ یونیورسٹیوں کو ایک متوازن معاشرے کے قیام کے لیے کمزور طبقات کے نوجوانوں کے لیے اعلی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کے دروازے کھولنے چاہیے تاکہ وہ اپنی زندگیاں تبدیل کر سکیں۔