ڈاکٹر پنجوانی سینٹر جامعہ کراچی کے تحت تھیلیسیما کے مریضوں کے لیے بلڈ کیمپ

پیر 20 اپریل 2020 17:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2020ء) ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیور میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ ، جامعہ کراچی کے تحت پیر کو تھیلیسیما کے مریضوں بالخصوص مریض بچوں کے لیے خون کے عطیات جمع کرنے کی غرض سے ایک روزہ بلڈڈونیشن کیمپ ڈاکٹر پنجوانی سینٹر میں لگایا گیا تاکہ کرونا وائرس اور اس کے نتیجے میں پیدا شدہ لاک ڈاون میں تھیلیسیما کے مریضوں کو خون کے عطیات کی فراہم میں مدد کی جاسکے، بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کیمپ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پرپروفیسر اقبال چوہدری نے کہا کہ یہ خون کا عطیاتی کیمپ بے لوث انسانی خدمت کی بنیادوں پر لگایا گیا ہے، انہوں نے کہا انسان کی جان بچانے میں مدد و معاونت کرنا ایک عظیم انسانی خدمت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کرونا وائرس کی عالمی وباء اور اس کے تناظر میں پیدا شدہ لاک ڈاون میں تھیلیسیما کے مریضوں بالخصوص مریض اطفال کو خون کے عطیات کی شدید ضرورت لاحق ہے۔

واضح رہے کہ اس کیمپ کے دوران عالمی ادارہ برائے صحت کی جانب سے کروناوائرس سے متعلق وضع کردہ ہدایات کو بھی خصوصی طور پر پیش نظر رکھا گیا ہے ، اس کیمپ میں خون عطیہ کرنے والوں کے بنیادی ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے جس میںملیریا، ہیپاٹائٹس بی اور سی اور وی ڈی آر ایل وغیرہ شامل ہیں، جبکہ اس کی رپورٹ بلڈ ڈونر ز کو بلا معاوضہ ارسال کی جائیںگی۔

متعلقہ عنوان :