وڈیو لنک پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے فیصلہ کا حصہ نہیں بنیں گے

مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی ایڈوائزری کونسل کے اجلاس کے بعد خواجہ آصف کی میڈیا سے گفتگو

منگل 21 اپریل 2020 15:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2020ء) مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی ایڈوائزری کونسل کا اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے چیمبر میں ہوا جس کی صدارت مسلم لیگ (ن) کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خواجہ محمد آصف نے کی۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال، خرم دستگیر سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں فاصلاتی طریقہ کار کے تحت قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے اور دیگر پارلیمانی امور پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے بعد پارلیمنٹ لاجز میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ویڈیو لنک پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے فیصلہ کا حصہ نہیں بنیں گے کیونکہ ہم کسی ایسے کام کا حصہ نہیں بننا چاہتے جس میں قومی اسمبلی کے اراکین شریک نہ ہوں، عوام کا حق ہے کہ انہیں معلوم ہو کہ ان کے نمائندے کس طرح کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شاہد خاقان عباسی نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو دیا جائے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں اندیشہ ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے بعد ملکی معیشت کو سنبھالنا مشکل ہو گا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نیب آرڈیننس کی مدت پوری ہو چکی ہے، اس آرڈیننس کی توسیع کا کوئی جواز نہیں ۔