گندم خریداری مراکز پر تمام تر انتظامات ہمہ وقت برقرار رکھے جائیں، کاشتکاروں کو اس ضمن میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہونا چاہیے،ڈپٹی کمشنر

بدھ 22 اپریل 2020 15:19

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2020ء) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی نے ہدایت کی ہے کہ گندم خریداری مراکز پر تمام تر انتظامات ہمہ وقت برقرار رکھے جائیںاور اس ضمن میں کاشتکاروں کو کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے یہ ہدایت فیصل آباد سٹی سمیت دیگر مختلف گندم خریداری مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے جاری کی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر(سٹی) اور محکمہ خوراک کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کاشتکاروں کی رجسٹریشن کے ریکارڈ کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو باردانہ کی فراہمی میں ہر ممکن آسانیاں پیدا کی جائیں۔انہوں نے سنٹرز پر کاشتکاروں کے بیٹھنے کی سایہ دار جگہ،بجلی کے پنکھوں اور پینے کے ٹھنڈے پانی کی دستیابی ودیگر انتظامات کو چیک کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ خوراک،زراعت،مال،لیبر،مارکیٹ کمیٹی اوردیگر متعلقہ محکموں کے سٹاف سے کہا کہ وہ خدمت خلق کے جذبہ کے تحت فرائض انجام دیں اور گندم کی خریداری سے متعلق حکومت پنجاب کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کیلئے تمام تر سہولیات کو برقرار رکھنے کیلئے سنٹرز کوآرڈینیٹرز متحرک رہیں گے اور پنجاب کابینہ کے وزراء،اعلیٰ سرکاری افسران وارکان پارلیمنٹ بھی سینٹرز کی مانیٹرنگ کریں گے۔