وزیر اعظم زرعی ایمرجنسی پروگرام، دھان اضافی پیداوار منصوبہ میں نمائشی پلاٹوں کی کاشت کے لئے کاشتکاروں سے درخواستیں مطلوب

پیر 4 مئی 2020 15:55

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2020ء) وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت جاری دھان کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے لئے نمائشی پلاٹوں کی کاشت کیلئے کاشتکاروں سے درخواستیں مطلوب۔ ترجمان محکمہ زراعت کیمطابق وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت4 ارب سے زائد خطیر رقم سے جاری دھان کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت دھان کے نمائشی پلاٹوں کی کاشت کیلئے ضلع گوجرانوالا ،گجرات،سیالکوٹ،منڈی بہاؤالدین،نارووال،حافظ آباد، لاہور،قصور،شیخوپورہ،ننکانہ صاحب،فیصل آباد،جھنگ،چنیوٹ،اوکاڑہ اور بہاولنگر کے ایسے کاشتکارجو ہر سال باقاعدگی سے کم ازکم دھان کی ایک ایکڑ کاشت کرتے ہوں اور اُن کی زمین پکی سڑک،پکی رابطہ سٹرک یا مین پکی سٹرک سے منسلک ہو ،وہ دھان کے نمائشی پلاٹوں کی کاشت کے سلسلے میں اپنی مکمل درخواستیں 15 مئی2020 تک متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع) کے دفتر میں جمع کروا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں کاشتکار درخواست فارم متعلقہ ڈویژنل ڈائریکٹر زراعت(توسیع)،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت(توسیع)،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع)یا زراعت آفیسر(توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کر سکتے ہیں ۔اس کے علاوہ یہ درخواست فارم محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹwww.agripunjab.gov.pk سے بھی ڈاؤن لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔درخواست فارم کی فوٹو کاپی بھی قابلِ قبول ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے ایک ایکڑ نمائشی پلاٹ کے اخراجات بحساب30ہزار روپے فی ایکڑ فراہم کئے جائیں گے۔اس ضمن میں درخواستوں کی جانچ پڑتال اور قرعہ اندازی15جون2020تک کی جائے گی۔قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکار محکمہ زراعت پنجاب کی سفارشات کے مطابق نمائشی پلاٹ کاشت کرنے کا پابند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی نامزد کردہ ضلعی نمائشی پلاٹ سلیکشن کمیٹی موصول ہونے والی درخواستوں کی ضروری تصدیق کرے گی اور موزوں درخواستیں زیادہ ہونے کی صورت میں ہر یونین کونسل کیلئے الگ قرعہ اندازی کی جائے گی۔

کامیاب کاشتکاروں کی فہرست22 جون2020تک آویزاں کی جائے گی۔ترجمان کیمطابق مزید راہنمائی کیلئے خواہشمند کاشتکارمتعلقہ ڈویژنل ڈائریکٹر زراعت(توسیع)،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت(توسیع)،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع)یا زراعت آفیسر(توسیع) کے دفاتر سے رجوع کریں یا دفتری اوقات میں فون نمبر042-99200740یا042-99200741 پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں ۔