ملک کے تمام اراکین قوامی اسمبلی کے کورونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ

11 مئی کو طلب کئے گئے پارلیمنٹ اجلاس سے قبل تمام ایم این ایز پر ٹیسٹ کروانا لازم، جبکہ گیٹ پر تھرمل گن کے ذریعے ارکان کو ٹمپریچر چیک کروانے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہونے کی اجازت ملے گی

ہفتہ 9 مئی 2020 23:49

ملک کے تمام اراکین قوامی اسمبلی کے کورونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2020ء) ملک کے تمام اراکین قوامی اسمبلی کے کورونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ، 11 مئی کو طلب کئے گئے پارلیمنٹ اجلاس سے قبل تمام ایم این ایز پر ٹیسٹ کروانا لازم، جبکہ گیٹ پر تھرمل گن کے ذریعے ارکان کو ٹمپریچر چیک کروانے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہونے کی اجازت ملے گی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی سہ پہر 3 بجے ہوگا ، ارکان کی شرکت کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرلی گئی۔

ذرائع کے مطابق تمام ارکان کو ضلعی سطح پر اپنے ٹیسٹ کروانے کی ہدایات کے بعد حفاظتی انتظامات بھی مکمل کرلئے، ارکان قومی اسمبلی گیٹ ون سے پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہونگے۔ ذرائع کے مطابق گیٹ پر تھرمل گن کے ذریعے ارکان کا ٹمپریچر چیک کرنے بعد پارلیمنٹ ہاؤس جانے کی اجازت ہوگی، تمام ارکان کی نشستوں میں سماجی فاصلے کو ملحوظ خاطر رکھا جائیگا۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق ایوان میں چار سو سے زائد نشستوں کی گنجائش کے باعث سماجی فاصلے میں کسی قسم کی دقت پیش نہیں آئے گی۔ ذرائع کے مطابق تمام ارکان کے سامنے مائیک ہونگے البتہ کورونا کے پیش نظر ایوان میں نئی ڈویژن کرنا پڑی تو کوئی مشکل نہیں ہوگی۔ ذرائع کے مطابق مہمانوں اور وی وی آئی پیز کے لئے مختص گیلریز مکمل طور پر بند رہیں گی، صحافیوں کی بھی محدود تعداد ایوان کی کوریج کرسکے گی، مخصوص پاسز کے حامل افراد ہی ایوان میں آسکیں گے۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ایک ایک رپورٹر ہی کوریج کرسکے گا۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے علاوہ کسی اور ایشو پر بحث نہیں ہوگی، سپیکر قومی اسمبلی کی غیر موجودگی میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی ایوان کی کارروائی چلائیں گے، کسی ممبر کو اپنے ہمراہ سٹاف لانے کی اجازت نہیں ہوگی، ڈرائیور حضرات اپنی گاڑیوں تک ہی محدود رہیں گے۔ذرائع کے مطابق زیادہ ضرورت پڑنے کی وجہ سے صرف ایک سٹاف ممبر ہی ایوان میں جاسکے گا، پارلیمان میں داخلے کے لئے پاسز کے ساتھ دستانے اور ماسک لازمی قرار دیئے گئے ہیں۔