بھارت میں لاک ڈاؤن نے مزید 18مہاجر مزدوروں کی جان لے لی

ملک گیر لاک ڈاؤن کے سبب بے روزگار ہوجانے کے بعد اپنے گھرجانے والے 70افرادزخمی بھی ہوئے،پولیس

جمعرات 14 مئی 2020 13:55

بھارت میں لاک ڈاؤن نے مزید 18مہاجر مزدوروں کی جان لے لی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2020ء) بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران چارمختلف سڑک حادثات میں 18مہاجر مزدور ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے جو ملک گیر لاک ڈاؤن کے سبب بے روزگار ہوجانے کے بعد اپنے گھر جارہے تھے۔میڈیارپورٹس کے مطابق پچھلے 24 گھنٹے میں چار بڑے حادثات میں کم از کم 18مہاجر مزدور ہلاک ہوگئے اورتقریباً 70 دیگر زخمی ہوئے ، جن کا مختلف ہسپتالوں میں علاج چل رہا ہے۔

پولیس کے مطابق مدھیا پردیش کے گونا ضلع میں ایک تیز رفتار بس نے اس ٹرک کوٹکر ماردی جس پر تقریباً 70مزدور سوار تھے۔ حادثے میں آٹھ مزدوروں کی موقع پر ہی موت ہوگئی جب کہ 54 دیگر زخمی ہوگئے۔ ان میں کئی مزدوروں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ بس پر سوار یہ مزدور مدھیا پردیش سے اترپردیش جارہے تھے۔

(جاری ہے)

ان میں بیشتر اناؤ ضلع کے رہنے والے تھے۔دوسرا درد ناک حادثہ اترپردیش کے مظفر نگر ضلع میں پیش آیا جب پیدل جارہے مزدوروں کوایک بس نے کچل دیا۔

اس حادثے میں چھ مزدوروں کی موت ہوگئی۔ یہ مزدور پنجاب سے بہار کے گوپال گنج ضلع جارہے تھے۔ تیسرا حادثہ بھی اترپردیش کے کانپور دیہات علاقے میں اس وقت پیش آیا جب مزدوروں سے بھرے ایک چھوٹے ٹرک کو دوسرے ٹرک نے ٹکر مار دی۔ ٹرک پر 60 مزدور سوار تھے جو گجرات سے اترپردیش کے بلرام پور ضلع جارہے تھے۔ ا س حادثے میں ایک دوسالہ بچی سمیت تین افراد کی موت ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک والے نے ہر مسافر سے کرائے کے نام پر تین تین ہزار روپے وصول کیے تھے۔چوتھا حادثہ بہار کس شہر سمستی پور میں اس وقت پیش آیا جب ایک ٹرک نے اس بس کو ٹکر ماردی جس پر 32 مزدور سوار تھے۔ اس حادثے میں دو مزدوروں کی موت ہوگئی اور بارہ دیگر زخمی ہوگئے۔ بس مظفر پور سے کٹیہار جارہی تھی۔ یہ مسافر ممبئی سے ٹرین کے ذریعہ مظفرپور پہنچے تھے۔