زرعی شعبہ میں خود کفالت کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا فروغ وقت کی ضرورت ہے، اس سے ویلیو ایڈیشن کو فروغ ملے گا، چیئرمین پی اے آر سی ڈاکٹر محمد عظیم خان

جمعرات 14 مئی 2020 15:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2020ء) پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (پی اے آر سی )کے چیئرمین ڈاکٹر محمد عظیم خان نے کہا ہے کہ زرعی سائنسدان شعبہ میں خود کفالت حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہیں، زراعت کی ترقی سے نہ صرف معیشت مضبوط ہو گی بلکہ روزگار کے مزید مواقع بھی پیدا ہوں گے، پی اے آر سی کے تمام شعبے مستعدی سے کام کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وزیر مملکت برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ معظم علی خان جتوئی، ڈاریکٹر جنرل قومی زرعی تحقیقاتی مرکز (این اے آر سی)، مختلف شعبوں کے انچارج اور زرعی سائنسدانوں کے ہمراہ این اے آر سی میں جاری سرگرمیوں سے متعلق معلوماتی دورے کے دوران کیا۔ چیئرمین پی اے آر سی کہا کہ پی اے آر سی ملکی اور بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے زراعت میں تحقیقاتی سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گندم کی کٹائی پورے ملک میں بھرپور انداز میں جاری ہے تاہم حالیہ بارشوں سے کاشتکاروں کو مشکلات کا سامنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے زرعی شعبہ میں ترقی اور بہتری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی شعبہ میں خود کفالت کے حصول کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا فروغ وقت کی ضرورت ہے، اس سے ویلیو ایڈیشن کو فروغ ملے گا، کاشتکاروں کی بھی مالی حالت بہتر ہو گی، معلوماتی دورے کے دوران انگوراریبٹ فارمنگ، فش کولڈ چین اینڈ پراسیسنگ یونٹ، تلاپیا فش پوائنٹ، گندم اور لہسن کی فیلڈ اور ٹشو کلچر ٹیکنالوجی سے متعلق تفصیلی بتایا گیا، معلوماتی دورے کے دوران ہارٹیکلچر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، دہی کے پلانٹ سمیت دیگر شعبوں سے متعلق بھی آگاہی فراہم کی گئی۔