یو این ایچ سی آر پاکستان لاک ڈاؤن سے متاثر رجسٹرڈ افغان مہاجرین میں 12 ہزار روپے کیش گرانٹ کی تقسیم آ ئندہ ہفتہ سے شروع کرے گا

جمعرات 14 مئی 2020 15:53

یو این ایچ سی آر پاکستان لاک ڈاؤن سے متاثر رجسٹرڈ افغان مہاجرین میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2020ء) یو این ایچ سی آر پاکستان کووڈ۔19 کے لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے رجسٹرڈ افغان مہاجرین میں 12 ہزار روپے کیش گرانٹ کی تقسیم پاکستان پوسٹ کے تعاون سے آ ئندہ ہفتہ سے شروع کر رہا ہے۔ جمعرات کو یو این ایچ سی آر پاکستان کے ترجمان قیصر خان نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کووڈ۔

19 کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے متاثر ہونے والے رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے متوسط خاندانوں میں 12 ہزار روپے کیش گرانٹ کی تقسیم کا عمل پاکستان پوسٹ کے تعاون سے آئندہ ہفتہ سے چاروں صوبوں و وفاق میں ایک ساتھ شروع کیا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلہ میں بزرگوں، معذور افراد اور بیوہ خواتین میں کیش گرانٹ کی فراہمی شروع کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جاپان کی حکومت و عوام کی جانب سے افغان مہاجرین کی مدد کیلئے 10 لاکھ ڈالر فراہم کئے گئے ہیں جن میں سے پہلے مرحلہ میں 36 ہزار خاندانوں میں کیش گرانٹ تقسیم کی جائے گی۔

قیصر خان نے کہا کہ حکومت پاکستان نے احساس ایمرجنسی پروگرام کے تحت جس طرح مستحق خاندانوں میں 12 ہزار روپے کیش گرانٹ تقسیم کی جا رہی ہے۔ اسی طرح یہ پروگرام بھی کووڈ۔19 سے متاثر ہونے رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی مدد کا ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر مملکت برائے سیفران شہریار خان آفریدی نے عالمی برادری سے کوویڈ۔19 کے لاک ڈاؤن سے متاثر افغان مہاجرین کی مدد کی اپیل کی تھی جس کے نتیجہ میں جاپان نے امداد فراہم کی ہے۔