متحدہ عرب امارات میں کورونا کے 698نئے کیسز سامنے آگئے،مزید 2مریض جاں بحق

مملکت میں میں کورونا مریضوں کی تعداد 21084 ہوگئی، اموات کی تعداد 208 تک پہنچ گئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 14 مئی 2020 17:54

متحدہ عرب امارات میں کورونا کے 698نئے کیسز سامنے آگئے،مزید 2مریض جاں ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14مئی 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا کے 698نئے کیسز سامنے آگئے,مزید 2مریض جاں بحق، اعدادوشمار کے مطابق مملکت میں میں کورونا مریضوں کی تعداد 21084 ہو گئی ہے جبکہ اموات کی تعداد 208 تک پہنچ گئی ہے۔ مملکت میں کورونا سے شفا یاب ہونے والوں کی گنتی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔مملکت میں کورونا کے مجموعی طور پر 6930مریض شفا یاب ہو چکے ہیں۔

وزارتِ صحت کے مطابق ابھی تک ملک میں 15لاکھ 60ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ اس وقت ملک میں 13946 ایکٹو کیسز موجود ہیں جن میں سے ایک مریض کی حالت تشویشناک ہے۔ یاد رہے کہ مملکت میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی گنتی کے پیش نظر اماراتی حکام نے قومی سلامتی سے متعلق ایک نئے قانون کی منظوری دے دی ہے۔ اس نئے قانون کے مطابق جو افراد کورونا سے متعلق حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کریں گے، انہیں دس لاکھ درہم تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ چھ ماہ تک کی سزا بھی بُھگتنا ہو گی۔ اماراتی پبلک پراسیکیوشن کے مطابق نیشنل سیفٹی سے متعلق نیا قانون لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنے کی حکومتی مہم کو مؤثر اور کامیاب بنانے کے لیے لاگو کیا جا رہا ہے تاکہ مملکت میں کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ پبلک پراسیکیوشن نے بتایا کہ اس قانون کا اطلاق تمام قسم کی ہنگامی صورت حال، بحرانی کیفیت اور آفات سے جنم لینے والے حالات پرہو گا، جن کے دوران تمام مقامی اور غیر ملکی افراد کا نیشنل ایمرجنسی ، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے احکامات اور قواعد و ضوابط پر عمل کرنا لازمی ہو گا۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں ویزہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب غیر ملکیوں کیلئے تمام جرمانے معاف کر دیے گئے، یکم مارچ سے قبل ایکسپائر ہو جانے والے انٹری اور رہائشی پرمٹ رکھنے والے غیر ملکیوں کو وطن واپسی پر کسی قسم کا جرمانہ ادا نہیں کرنا ہوگا، ایسکپائر شناختی کارڈ اور ورک پرمٹ پر بھی کوئی جرمانہ نہیں ہوگا۔ گلف نیوز میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے حکم پر ویزہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار دیے گئے تمام غیر ملکیوں پر عائد جرمانے معاف کر دیے گئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ امارات میں موجود ایسے تمام غیر ملکی جن کے انٹری اور رہائشی پرمٹ یکم مارچ سے قبل ایکسپائر ہوگئے تھے، یا جن کے اماراتی شناختی کارڈ یا ورک پرمٹ بھی ایکسپائر ہو چکے، ان کیلئے خوشخبری ہے کہ ان پر کسی قسم کا جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔