بھارت میں کورونا لاک ڈاون کے باعث گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران چار مختلف سڑک حادثات‘ ایک 2 سالہ بچی سمیت 29 مزدور ہلاک ‘ درجنوں زخمی ہوگئے

جمعرات 14 مئی 2020 20:51

دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2020ء) بھارت میں جاری کورونا لاک ڈاون کے باعث گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران چار مختلف سڑک حادثات میں ایک 2 سالہ بچی سمیت 29 مزدور ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت میں جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے لاکھوں مزدور مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی طرف سے بے شمار وعدوں ترغیبات، رکاوٹوں اور دھمکیوں کے باوجود سینکڑوں میل کا سفر پیدل طے کرکے کسی بھی حال میں اپنے گھر پہنچ جانا چاہتے ہیں۔

پچھلے 24 گھنٹے میں چار بڑے حادثات میں کم از کم 18مہاجر مزدور ہلاک ہوگئے اورتقریباً 70 زخمی ہوئے ہیں، جن کا مختلف ہسپتالوں میں علاج چل رہا ہے۔ مقامی پولیس کے مطابق مدھیا پردیش کے گونا ضلع میں تیز رفتار بس نے ٹرک کو ٹکر ماردی جس پر تقریباً 70مزدور سوار تھے۔

(جاری ہے)

حادثے میں آٹھ مزدور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ 54 زخمی ہوئے زخمی ہونے والے کئی مزدوروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

بس پر سوار یہ مزدور مدھیا پردیش سے اترپردیش جارہے تھے، ان میں بیشتر اناؤ ضلع کے رہنے والے تھے۔ بھارت میں دوسرا درد ناک حادثہ اترپردیش کے مظفر نگر ضلع میں پیش آیا جب پیدل جانے والے مزدوروں کو ایک بس نے کچل دیا، اس حادثے میں چھ مزدور موقع پر ہلاک ہو گئے۔ یہ مزدور پنجاب سے بہار کے گوپال گنج ضلع جارہے تھے۔ بھارت میں تیسرا حادثہ بھی اترپردیش کے کانپور دیہات علاقے میں اس وقت پیش آیا جب مزدوروں سے بھرے چھوٹے ٹرک کو دوسرے ٹرک نے ٹکر مار دی، ٹرک پر 60 مزدور سوار تھے جو گجرات سے اترپردیش کے بلرام پور ضلع جارہے تھے، ا س حادثے میں ایک 2 سالہ بچی سمیت تین افراد کی موت ہوئی۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک والے نے ہر مسافر سے کرائے کے نام پر تین ہزار روپے بھی وصول کیے تھے۔ چوتھا حادثہ بہار کس شہر سمستی پور میں اس وقت پیش آیا جب ٹرک نے اس بس کو ٹکر ماردی جس پر 32 مزدور سوار تھے۔ اس حادثے میں دو مزدوروں کی موت ہوئی اور بارہ دیگر زخمی ہوگئے۔ بس مظفر پور سے کٹیہار جارہی تھی۔ یہ مسافر ممبئی سے ٹرین کے ذریعہ مظفرپور پہنچے تھے۔