ایٹمی قوت بنانے کا سہرا ہمارے سائنسدانوں کو جاتا ہے، شہباز گل

ڈاکٹر عبدالقدیر بارہا بتا چکے نوازشریف ایٹمی دھماکے کرنے سے ڈرتے تھے،کرپٹ لیگ کی قیادت اربوں ڈالر کی چوری پر عدالت سے سزایافتہ ہے، احسن اقبال کے بیان پر رد عمل

پیر 18 مئی 2020 23:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2020ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہبازگل نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا سہرا ہمارے قابل سائنسدانوں کو جاتا ہے، 1988 میں پاکستانی سائنسدانوں نے جذبہ حب الوطنی کے تحت حکومت کو ایٹمی دھماکوں پر مجبور کیا۔شہباز گل نے احسن اقبال کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر بارہا بتا چکے نوازشریف ایٹمی دھماکے کرنے سے ڈرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ہر چند روز بعد عوام کو گمراہ کرنے کیلئے نیا شوشہ چھوڑ دیتے ہیں، کرپٹ لیگ کی قیادت اربوں ڈالر کی چوری پر عدالت سے سزایافتہ ہے۔شہباز گل نے کہا کہ جناب جعلی ارسطو بھول گئے کہ ان کی حکومت نے اپنے دور میں تاریخی قرضے لیے، خوش قسمتی سے پاکستانی عوام ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت کے بھارت کے ساتھ ملکی نہیں ذاتی نوعیت کے تعلقات تھے، شریف فیملی کے بھارتی سرمایہ داروں کے ساتھ ذاتی کاروباری مراسم تھے۔

شہباز گل نے کہا کہ ہزاروں مسلمانوں کے قاتل مودی کو آپ خاندانی تقریبات میں بلاتے ہیں جندال کو آئین پاکستان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بنا ویزا مری ملاقات کے لیے بلایا۔انہوں نے کہا کہ 20 ارب ڈالر کا سالانہ خسارہ آپ کی معاشی کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔