22 ہزار سے زائد ہیکٹر رقبے پر اسپرے کرکے ٹڈی دل کی بہت بڑی تعداد تلف کردی گئی ہے،ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت چاغی

منگل 19 مئی 2020 17:48

چاغی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2020ء) چاغی میں ٹڈی دل پر قابو پانے کے لیے اسپرے کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر چاغی آغا شیر زمان کے مطابق اس سلسلے میں 8 ٹیمیں تشکیل دے کر انھیں مختلف علاقوں میں بھیج دیا جاچکا ہے جبکہ اس کے علاوہ زمینداروں کو اسپرے مشین اور پیسٹی سائیڈ بھی فراہم کیا جارہا ہے تاکہ وہ ہنگامی حالات میں ازخود ٹڈی کش اسپرے کرسکیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ چاغی کے مختلف رہائشی اور زرعی علاقوں میں ٹڈی دل کے ریلے پائے گئے جن کو تلف کرنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اس سلسلے میں پاک فوج بھی مقامی انتظامیہ اور محکمہ زراعت توسیعی کی بھرپور معاونت کررہی ہے۔ محکمہ زراعت توسیعی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور شاہ کے مطابق ضلع چاغی کی چھ لاکھ سے زائد ہیکٹر رقبہ ٹڈی دل سے متاثر ہے۔ اس سلسلے میں تمام ایریا کی سروے مکمل کرکے اب تک 22 ہزار سے زائد ہیکٹر رقبے پر اسپرے کرکے ٹڈی دل کی بہت بڑی تعداد تلف کردی گئی ہے، ان کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں ٹڈی دل کے ریلے پائے گئے ان کو تلف کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :