عید الفطر کی آمد، سعودی ادارے کی جانب سے 9 تعطیلات کا اعلان

سعودی عرب کی اسٹاک ایکسچینج کو 22 مئی سے 30 مئی تک بند رکھنے کا اعلان، سعودی نجی اداروں کیلئے 4 جبکہ سرکاری اداروں کیلئے 5 تعطیلات کا پہلے ہی اعلان کیا جا چکا

muhammad ali محمد علی منگل 19 مئی 2020 22:37

عید الفطر کی آمد، سعودی ادارے کی جانب سے 9 تعطیلات کا اعلان
ریاض (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 مئی 2020ء) عید الفطر کی آمد، سعودی ادارے کی جانب سے 9 تعطیلات کا اعلان، سعودی عرب کی اسٹاک ایکسچینج کو 22 مئی سے 30 مئی تک بند رکھنے کا اعلان، سعودی نجی اداروں کیلئے 4 جبکہ سرکاری اداروں کیلئے 5 تعطیلات کا پہلے ہی اعلان کیا جا چکا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی اسٹاک ایکسچینج حکام نے عید الفطر کی آمد کے پیش نظر تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کی اسٹاک ایکسچینج کو 22 مئی سے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نجی اور سرکاری اداروں کے مقابلے میں سعودی اسٹاک ایکسچینج زیادہ روز کیلئے بند کی جائے گی۔ عید الفطر کے سلسلے میں اسٹاک ایکسچینج کیلئے 9 تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے، جن کا آغاز 22 مئی بروز جمعہ سے ہوگا۔ تعطیلات 30 مئی بروز ہفتہ تک ہوں گی اور پھر 31 مئی کو اسٹاک ایکسچینج میں دوبارہ سے کاروبار کا آغاز ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

یہاں یہ واضح رہے کہ سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے نجی اور سرکاری شعبوں کیلئے عید الفطر کی تعطیلات کا پہلے سے ہی اعلان کیا جا چکا ہے۔ سعودی عرب کے نجی شعبہ کے ملازمین کو 23 مئی سے 26 مئی تک کی تعطیلات دی گئی ہیں، جبکہ مملکت کے سرکاری شعبہ کیلئے 5 تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ سعودی عرب میں عید الفطر 23 مئی بروز ہفتہ کو ہونے کا امکان ہے۔