فلسطینی صدر کا امریکہ اور اسرائیل سے تمام معاہدے منسوخ کرنے کا اعلان

مغربی کنارے پر غاصبانہ کارروائی کے کسی بھی منصوبے کو مسترد کرتے ہیں، محمود عباس

جمعرات 21 مئی 2020 00:15

فلسطینی صدر کا امریکہ اور اسرائیل سے تمام معاہدے منسوخ کرنے کا اعلان
غزہ سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2020ء) فلسطین کے صدر محمود عباس نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ تمام سیاسی، تجارتی اور انتظامی معاہدوں کو فوری طور پر منسوخ کر دیا ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس نے نیتن یاہو کی جانب سے مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کو تعمیر کرنے کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل سے کیے گئے معاہدوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

صدر محمود عباس نے کہا کہ اب ہم ہر قسم کے معاہدے سے آزاد ہیں جس میں سلامتی سے متعلق امور پر تعاون کا معاہدہ بھی شامل ہے۔ امریکا اور اسرائیل گٹھ جوڑ فلسطینی شہریوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے غاصبانہ عزائم کا اظہار کر رہے ہیں جسے غیور اور بہادر فلسطینی کبھی قبول نہیں کریں گے۔اسرائیل میں ایک سال سے جاری رہنے والا سیاسی بحران اقتدار میں شراکت داری کے معاہدے کے بعد ختم ہوگیا ہے اور وزیراعظم نیتن یاہو نے 18 ماہ کے لیے ملک کی باگ ڈور سنبھالی ہے جس کے فوری بعد انہوں نے مغربی کنارے کو اسرائیل میں شامل کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔