شہباز تتلہ کیس، مفخرعدیل کی پہلی بیوی کے بیان نے معاملے کا رخ موڑ دیا

شہباز تتلہ نے میرے ساتھ زیادتی نہیں کی تھی،شوہر سے خلع لینے کی وجہ ذاتی اختلافات تھے۔ اسما کی بی بی سی سے گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 21 مئی 2020 11:30

شہباز تتلہ کیس، مفخرعدیل کی پہلی بیوی کے بیان نے معاملے کا رخ موڑ دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 مئی 2020ء) شہباز تتلہ کیس میں ایس ایس پی مفخر عدیل کی پہلی بیوی کے بیان نے معاملے کا رخ موڑ دیا ہے۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق  مقدمے کے اہم کرداروں میں سے ایک یعنی مفخر عدیل کی پہلی اہلیہ کا کہنا ہے کہ ان کے سابق شوہر نے ان کے کردار کے متعلق جو پولیس کو بتایا ہے کہ شہباز تتلہ نے ماضی میں ان سے زیادتی یا زبردستی کی کوشش کی تھی وہ بالکل غلط اور بے بنیاد ہیں کیونکہ ایسا کچھ نہیں ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ  اپنے بیان میں  مفخر عدیل نے مجھ پر جو کیچڑ اچھالنے کی کوشش کی وہ بالکل جھوٹ ہے اور اس سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔مفخر سے طلاق کی وجہ پر بات کرتے ہوئے اسما کا کہنا تھا کہ ان کے اور مفخر کے درمیان طلاق کسی تیسرے شخص کی وجہ سے نہیں ہوئی تھی بلکہ ان کے اپنے سابقہ شوہر سے ذاتی سطح پر سخت قسم کے اختلافات ہے جس کا اختتام 2018 میں ان کے خلع لینے کی صورت میں ہوا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اب مفخر کے متعلق جس طرح کے معاملات منظر عام پر آرہے ہیں تو کوئی بھی عقلمند انسان ایسے شخص کے ساتھ رہنا پسند نہیں کرے گا۔ذرائع کے مطابق 2017 میں اسما نے اپنے قریبی عزیز کو بتایا تھا کہ وہ مفخر سے اس قدر تنگ ہیں کہ طلاق لینا چاہتی ہیں۔رشتہ دار کے سمجھانے پر کچھ عرصہ کے لئے معاملہ حل گیا لیکن جب مفخر عدیل نے دوسری شادی کی تو اسما نے بالآخر طلاق لے لی۔

شہباز تتلہ سے متعلق خاتون کا کہنا تھا کہ ان کی شہرت بھی پچھلے چند برسوں سے کوئی خاص اچھی نہیں تھی تاہم ان کا کہنا تھا کہ مقتول کے کردار کے حوالے سے بذات خود تو انہوں نے کچھ نہیں دیکھا لیکن سنا ضرور تھا۔دوسری جانب بتایا جا رہا ہے کہ فوجداری مقدمات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس نے اپنے سینئر افسر ایس ایس پی مفخر عدیل کے خلاف مقدمہ قتل کا جو چالان عدالت میں پیش کیا ہے اس میں پائی جانے والی کمزوریوں کی وجہ سے ملزم کو سخت ترین سزا دلوانا تقریبا ناممکن دکھائی دیتا ہے۔