ٹڈی دل کے حملے روکنے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے لائے گئے ہیں،37لاکھ ہیکٹر رقبے کا سروے مکمل کر لیا‘ ترجمان پنجاب حکومت

فضائی سپرے کیلئے وفاقی حکومت جلد تین جہاز فراہم کریگی،چین سمیت دیگر ممالک سے بھی بھرپور رہنمائی حاصل کی جارہی ہے ماضی میں اپنی انا کی تسکین اور جیبیں بھرنے کیلئے منصوبے شروع کر کے انہیں ’’شہباز سپیڈ ‘‘ سے مکمل کیا گیا‘ مسرت جمشید چیمہ

جمعرات 21 مئی 2020 16:15

ٹڈی دل کے حملے روکنے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے لائے گئے ہیں،37لاکھ ہیکٹر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2020ء) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ٹڈی دل کے حملے کو روکنے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے لائے گئے ہیں،پنجاب میں اب تک 37لاکھ ہیکٹر رقبے کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے ،فضائی سپرے کیلئے وفاقی حکومت جلد تین جہاز فراہم کرے گی،ماضی میں اپنی انا کی تسکین اور جیبیں بھرنے کے لئے منصوبے شروع کئے گئے اور اپنے حصے کی وصولی کیلئے معیار کی پرواہ کئے بغیر انہیں ’’شہباز سپیڈ ‘‘ سے مکمل کیا گیا ، موجودہ حکومت تمام منصوبے قواعد و ضوابط کے تحت شفافیت کے ساتھ مکمل کر رہی ہے ۔

میڈیا کیلئے جاری کئے گئے اپنے بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ٹڈی دل کے تدارک کیلئے ماہرین کی مرتب کردہ سفارشات پر من و عن عملدرآمد کیا جارہا ہے،پنجاب میں اب تک 37لاکھ ہیکٹر رقبے کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے،ایک لاکھ 33ہزار ہیکٹر میں ٹڈی دل کے تدارک کیلئے آپریشن کر کے 96فیصد علاقے کو کلیئر کرا لیا گیا ہے ،فضائی سپرے کے لئے وفاقی حکومت جلد تین جہاز فراہم کرے گی جبکہ بہترین نتائج کیلئے چین سمیت دیگر ممالک سے بھی رہنمائی حاصل کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیگی ترجمان اپنے دور کی طرح ہمارے دور میں بھی کرپشن میں لتھڑے ہوئے منصوبے ڈھونڈ رہے ہیں جو انہیں کہیں نظر نہیں آئیں گے ، حکومت عوام کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ترجیحات کا تعین کر رہی ہے ، تعلیم ، صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت ضروری انفراسٹر اکچر پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے صرف اپنا انا کی تسکین کے منصوبے شروع اور مکمل کئے ،(ن) لیگ کی قیادت نے تو راتوں کو آنے والے خواب پر بھی کسی مشاورت اور قواعد و ضوابط کے بغیر منصوبے شروع کئے جس کا مقصد صرف اور صرف اپنی اور اپنے حواریوں کی جیبیں بھرنا تھا ۔

وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے جتنے منصوبوں کا اعلان کیا ہے ان پر شفافیت کے ساتھ پیشرفت ہو رہی ہے اور ہمیں فخر ہے کہ کسی بھی منصوبے میں کرپشن کا عنصر شامل نہیں۔